ٹاپ اسٹوری

ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سرمن نے BJP ایم پی سادھوی پرگیہ سنگھ پر لگائے کئی سنگین الزامات

بھوپال ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سرمن نے اسپتال انتظایہ پر عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ کو دوسرے مریضوں کی فکر نہیں ہے، انھیں صرف اپنے لوگوں کی فکر ہے۔

ایمس (بھوپال) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سرمن سنگھ نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر پر کئی طرح کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ نوکروں جیسا رویہ اختیار کرتی ہیں اور ایمس کے تعلق سے بدعنوانی کا جو الزام انھوں نے عائد کیا ہے وہ پوری طرح غلط ہے۔

دراصل سادھوی پرگیہ نے ایک دن قبل بھوپال ایمس ڈائریکٹر ڈاکٹر سرمن پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی نگرانی میں ایمس کی حالت انتہائی خراب ہے۔ سادھوی پرگیہ نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ دہلی جا کر ڈائریکٹر کو ہٹانے کا مطالبہ کریں گی۔ اسی الزام کے جواب میں ڈاکٹر سرمن نے کہا کہ ’’سادھوی پرگیہ چاہتی ہیں کہ میں ان کی جی حضوری کروں۔ وہ نوکروں کی طرح سلوک کرتی ہیں۔‘‘

ڈاکٹر سرمن سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ (سادھوی پرگیہ) چاہتی ہیں کہ رات کے ایک بجے بھی میں ان کے فون کال کا جواب دوں۔ اسپتال انتظایہ پر عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ کو دوسرے مریضوں کی فکر نہیں ہے۔ انھیں صرف اپنے لوگوں کی فکر ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے حامیوں کو فوراً ایمس میں داخل کر لیا جائے، بھلے ہی اس کے سبب دوسرے مریضوں پر اثر پڑے۔ بدعنوانی کے الزامات کو سرے سے خارج کرتے ہوئے ڈائریکٹر نے کہا کہ ’’مجھے سب سے زیادہ تکلیف اسی بات سے ہوئی ہے، کیونکہ میں نے اسپتال سے بدعنوانی کو ختم کیا ہے۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!