ٹاپ اسٹوری

’بیٹے کی قسم کھاؤ کہ ہمیں ووٹ دیا تھا، لائٹ لگوا دیں گے!‘ بی جے پی MLA کی ویڈیو وائرل

اتر پردیش کی شاہجہاں پورسیٹ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ویر وکرم سنگھ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ بجلی لگوانے کی فریاد کر رہے دیہاتیوں سے کہہ رہے ہیں کہ توقع اسی سے کی جاتی ہے جسے آپ نے کچھ دیا ہو

لکھنؤ: اتر پردیش کے شاہجہانپور سے بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے رکن اسمبلی ویر وکرم سنگھ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ایک شخص سے کہہ رہے ہیں کہ اپنے بیٹے کی قسم کھا کر کہو کہ بی جے پی کو ووٹ دیا تھا، تبھی لائٹ لگواؤں گا!

آج تک کی رپورٹ کے مطابق، دیہاتیوں کی جانب سے بجلی کنکشن فراہم کرنے کی گہار لگائی گئی تھی۔ جس پر میرانپور کٹرا علاقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی دو ٹوک الفاظ میں کہہ رہے ہیں کہ جب تم نے بی جے پی کو ووٹ ہی نہیں دیا تو تمہیں کچھ نہیں ملے گا۔ ویر وکرم سنگھ نے کہا کہ ’’تم اپنے بیٹے کی قسم کھاکر کہو کہ تم نے بی جے پی کو ووٹ دیا تھا، توقع اسی سے کی جاتی ہے جسے تم نے کچھ دیا ہو، اگر دیا ہے تو ہی میں لائٹ لگواؤں گا۔‘‘

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بی جے پی کے رکن اسمبلی ویر وکرم سنگھ حال ہی میں اختتام پذیر شجر کاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ترقیاتی کاموں کا ذکر کر رہے تھے، تبھی ایک دیہاتی نے ان سے اپنے یہاں بجلی لگوانے کی گہار لگا دی۔

اس پر رکن اسمبلی ویر وکرم سنگھ نے کہا، ’’تم گنگا کی طرف ہاتھ اٹھا کر کے یا اپنے لڑکے کی قسم کھا کر کہو کہ تم نے ہمیں ووٹ دیا تھا، تو آج ہی تمہارے گھر پر لائٹ لگوا دیں گے، توقع اسی سے کی جاتی ہے جسے آپ کچھ دو۔‘‘

جب دیہاتی نے کہا کہ وہ تو فریاد کر رہا، رکن اسمبلی نے دو ٹوک جواب دیا، ’’فریاد اس سے کرو جسے تم کچھ دو، اگر تم نے کچھ دیا ہوتا تو میری چھاتی پر چڑھنے کا حق ہوتا۔ آپ ہمیں بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کریں۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!