میراروڈ: بقرعید کے پیشِ نظر جماعتِ اسلامی کے وفد کی میونسپل کمشنر سے ملاقات
میراروڈ : 2/جولائی (ایس ایم ایس) جماعتِ اسلامی میراروڈ کے ایک وفد نے میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر دلیپ ڈھولے سے ملاقات کی اور منگل کے روز میونسپل کارپوریشن کے عملے کی جانب سے نیا نگر کے بانیگر اسکول گلی میں ہوئی کاروائی پر اعتراض جتاتے ہوئے انھیں میمورینڈم بھی پیش کیا ۔کیوں کہ منگل کے روز میونسپل کارپوریشن کے عملے نے نیانگر میں پھیری والوں کے خلاف ظالمانہ انداز میں کاروائی کرتے ہوئے پھیری والوں کی ٹھیلہ گاڑیوں کے ساتھ توڑ پھوڑ کی تھی اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علاقے میں میونسپل کارپوریشن کے عملے کے خلاف زبردست غم وغصہ پایا جانے لگا تھا اور اس کاروائی کو لے کر لوگوں میں ناراضگی پائی جا رہی تھی۔
وفد میں شامل جماعت اسلامی میراروڈ کے امیر محمد عطاء الحق قاضی نے بتایا کہ ہم نے ایک وفد کی شکل میں میونسپل کمشنر سے ملاقات کی اور انھیں لوگوں میں پائی جانے والی ناراضگی سے واقف کروایا۔ عطاء الحق قاضی نے مزید بتایا کہ ہم نے اس ملاقات میں کمشنر صاحب سے عید الاضحٰی کے روز علاقے میں ہونے والی گندگی کی جانب توجہ مبذول کرائی اور عید کے روز صاف صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی درخواست کی عطاء الحق قاضی نے بتایا کہ کمشنر نے اُن کے مطالبے پر ہامی بھرتے ہوئے بقر عید کے دن شام چار بجے کچرا اُٹھانے والی گاڑی کو گھمانے کا وعدہ کیا۔
میونسپل کمشنر سے ملاقات کرنے والے وفد میں جماعتِ اسلامی پالگھر ضلع کے ناظم باقر علی،جماعت اسلامی میراروڈ کے امیر محمد عطاء الحق قاضی،جماعت اسلامی میراروڈ شعبہ تحفظ ملّت کے سیکریٹری ایڈوکیٹ شہود انور کے علاؤہ محمد اشفاق،علاوالدین خلیفہ اور سید انیس شامل تھے۔