اکولہ: SIO کا ڈسٹرکٹ کلکٹر کو میمورنڈم، MPSC کامیاب اُمیدواروں کے تقررات جلدازجلد کیے جائیں
آکولہ: 29/جون (پی آر) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا(ایس آئی او) مہاراشٹر نارتھ زون کے صدر طارق ذکی کی جانب سے مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کو مختلف اضلاع کے ضلعی کلکٹر دفاتر کے ذریعہ29/جون کو 2019 میں لیے گئے ایم پی ایس سی امتحان میں کامیاب 413 اُمیدواروں کو تقررات دینے کا مطالبہ کرنے کے لیے میمورنڈم دیا گیا۔ ایس آئی او اکولہ نے بھی اکولہ ڈسٹرکٹ کلکٹر کو میمورنڈم دیا۔
ریاستی پبلک سروس امتحان مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ 2019 میں لیا گیا تھا جس میں 413 طلبا کو مختلف عہدوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اگرچہ اس امتحان کا حتمی نتیجہ 19 جون 2020 کو ظاہر کیا گیا جسے ایک سال سے زیادہ وقت ہو گیا ہے، لیکن ریاستی حکومت منتخب عہدیدار کلکٹر ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ، تحصیلدار وغیرہ جیسے اہم عہدوں پر تقرری کے بارے میں بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
طلباء نے 5-6 سال سخت محنت کے بعد سرکاری ملازمت میں شامل ہونے کا خواب دیکھا۔ زیادہ تر طلباء کے والدین کسان اور مزدور ہیں۔ آج جب ملک میں کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سرکاری ملازمت میں شامل ہونے کے لئے سخت محنت کی اور انہیں نائب کلکٹر ، ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس، تحصیلدار کے عہدوں کے لئے منتخب کیا گیا۔ پھر بھی حکومت ان کا تقرر نہیں کررہی ہے اور انہیں معاشی، معاشرتی اور ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی اس تقرری کے بارے میں فیصلہ دیا ہے، لہذا اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) مہاراشٹر نارتھ زون نے ضلعی اور تعلقہ سطح پر مختلف کلکٹر دفاتر کے ذریعہ وزیر اعلی سے مطالبہ کیا ایس آئی او اکولہ کی جانب سے بھی یہی مطالبہ کیا گیا کہ حکومت بغیر وقت ضائع کیے جلد از جلد تقررات کرے۔ یہ تفصیلات ایس آئی او کے میڈیا سکریٹری شعیب عاصم نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں دی ہے۔