ریاستوں سےمہاراشٹرا

آئیٹا کے وفد کی مہاراشٹراوزیرتعلیم سے ملاقات، 30/جون کو ریاست کے اساتذہ سے کریں گی خطاب

ملاقات میں آئیٹا وفد نے پانچ نکاتی میمورنڈم پیش کیا۔ وزیر تعلیم مہم کے اختتامی پروگرام 30 جون 2021 کو 12/بجے ریاست کے اساتذہ سے خطاب کریں گی۔

ممبئی: 28/جون (پی آر) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایشن ( آئیٹا) اساتذہ کی ایک ملک گیر رجسٹرڈ تنظیم ہے۔ اساتذہ کے حقوق اور تعلیمی محاذ پر ملک کی مختلف ریاستوں میں تنظیم سرگرم عمل ہے۔ کورونا وباء کے دوران اقتصادیات کے علاوہ جس شعبے میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ان میں سے ایک تعلیمی شعبہ بھی ہے۔ ڈراپ آؤٹس کے مسائل، طلبہ کی اسکول اور تعلیم سے دوری، آن لائن تدریس کی افادیت اور ضرورت کو دھیان میں رکھتے ہوئے آئیٹا مہاراشٹر نے 15 جون تا 30 جون 2021 ریاست گیر تعلیمی مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کے تحت ریاست کے مختلف علاقوں میں آئیٹا ممبران نے تعلیمی بیداری اور ترغیب کے لیے تعلیمی گشت، اساتذہ و ہیڈس سے ملاقات، طلبہ، اساتذہ، والدین کی ذہن سازی، جمعہ خطبوں میں تعلیمی موضوعات پر تقاریر، لائبریری، کارپوریٹرس، ایم ایل اے حضرات سے ملاقات اور تعلیمی بیداری کے لیے مختلف آن لائن پروگراموں کا انعقاد اور آف لائن اقدامات کیے ہیں۔

اسی سلسلے میں ریاست مہاراشٹر کی اسکولی تعلیم کی ذمہ دار، محترمہ ورشا گائیکواڑ (وزیربرائے اسکولی تعلیم) سے شیخ عبدالرحیم (کل ہند صدر آئیٹا)، سید شریف (ریاستی صدر آئیٹا مہاراشٹر)، شریف خان (پاتور) اور تنویر احمد(پالگھر) نے ملاقات کی اور مہم کا تعارف پیش کیا، کارکردگیوں و سرگرمیوں کا تذکرہ کیا۔ وزیر تعلیم نے آئیٹا کی سرگرمیوں کو وقت کی ضرورت قرار دیا، ذمہ داران کو سراہا اور اختتامی پروگرام میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی منظوری دی۔

اس موقع وفد نے وزیر تعلیم کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں پانچ اہم مطالبات پیش کیے، (1) اساتذہ کو فرنٹ لائن کورونا واریرز قرار دیا جائے۔ (2) اساتذہ کی خالی اسامیوں کو پر کیا جائے، (3) بہت ساری جگہوں پر اردو میڈیم اسکولوں میں ہشتم تک کی کلاسز ہیں اور طلبہ کی مزید تعلیم کے لئے کوئی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ ان اسکولوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔ (5) مرکزی حکومت کے مطابق ، ہر چھ ماہ بعد اساتذہ کی اہلیت کے امتحان کا انعقاد اور اس کا نصاب طے کیا جائے۔ نیز مرکزی حکومت کے مطابق سی ای ٹی ای ٹی امتحان کی اہلیت کو ریاستی حکومت کے ذریعہ بھی برقرار رکھنا جائے۔ (5) ڈی سی پی ایس / این پی ایس اسکیم کے ملازمین کو ساتویں پے کمیشن کی بقایاجات کی تیسری قسط نقد رقم میں ادا کرنے کے لئے مناسب ہدایات جاری کی جائیں۔ ان مطالبات کو وزیر تعلیم نے بغور سنا اور اس پر کاروائی کی یقین دہانی کروائی۔

آئیٹا کی مہم کے آخری دن 30 جون 2021 کو وزیر تعلیم ریاست کے اساتذہ سے آئیٹا کے پلیٹ فارم سے 12 بجے خطاب کریں گی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید شریف (ریاستی صدر) نے ریاست کےتمام اساتذہ سے اس پروگرام میں شریک رہنے کی درخواست کی۔ زوم پر براہ راست شرکت کی جاسکتی ہے جبکہ اس پروگرام کو آئیٹا مہاراشٹر کے یو ٹیوب چینل پر بھی لائیو نشر کیا جائے گا۔ پروگرام کی لنک کے لیے کنوینر نعیم خان سے 9890670484 اور میڈیا سیکریٹری فہیم مومن سے 9970809093 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!