سی اے اے کے خلاف پُرامن اور جمہوری احتجاج جاری رہے گا، رِہائی کے بعد آصف اقبال تنہا کا بیان
نئی دہلی: 17/جون (اے این این) آصف اقبال تنہا تہاڑ جیل سے رہا ہونے کے بعد بتایا کہ "میں اللہ تعالٰی کا شکر گزار ہوں اور تمام حامیوں، اپنے وکلاء اور دوسروں کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ تمام سیاسی قیدی جو اپنے نظریہ یا شناخت کے سبب قید ہیں، ان تمام کو بہت جلد رہا کردیا جائے گا۔
آصف نے کہا کہ اس وقت، میں خاص طور پر حکومت سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ جیل میں موجود کووڈ حالات کو حل کرے۔ اور چھوٹی چھوٹی سزاؤں والے قیدیوں کو رہا کرنے کی ضرورت ہے اور تمام قیدیوں کو فوری طور پر ٹیکہ کاری کی جائے۔
تنہا نے مزید کہا کہ "میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری لڑائی کسی عقیدے کے لوگوں کے خلاف نہیں بلکہ سی اے اے کے خلاف ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ معزز عدالت نے زور دے کر کہا کہ ہمارے پُرامن اور جمہوری احتجاج کا فسادات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ یہ فیصلہ ایک اہم نظیر کے طور پر کام کرے گا۔”
آصف نے کہا کہ ‘ہمیں عدلیہ کی منصفانہ انصاف پر مکمل اعتماد ہے۔ مجھے امید ہے کہ مقدمہ کی سماعت تیزی سے ہوگی اور ہم سب جلد ہی بری ہوجائیں گے۔’