30اپریل کوکرناٹک میں دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان
بنگلورو: 29اپریل (آوازنیوز) محکمہ تعلیمات کے پرنسپل سکریٹری ایس آر اوما شنکر کی اطلاع کے مطابق 30اپریل کو ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل 30/اپریل کو صبح پریس کانفرنس کے ذریعے امتحانی نتائج کا اعلان ہوگا اور دوپہر میں ویب سائٹ پر نتائج ظاہر کردئے جائیں گے۔ کامیاب ہونے والے طلبا کو ایس ایم ایس کے ذریعے نتائج روانہ کئے جائیں گے۔ ریاست کرناٹک میں22مارچ تا 4/اپریل ایس ایس ایل سی امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔
ریاست کے 2847 امتحانی مراکز میں 8.41 لاکھ سے زائد طلبا نے امتحانات لکھے تھے۔ جن میں 4651 معذور طلباء بھی شامل تھے۔گزشتہ سال ریاست بھر میں ایس ایس ایل سی نتائج کا اوسط 88.18 فیصد رہا تھا اور پورے کرناٹک میں ضلع اڈپی نے پہلا مقام حاصل کیا تھا۔
دسویں جماعت کے نتائج کوویب سائٹ www.kseeb.kar.nic.in اور www.karresults.nic.in پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
امتحانی بورڈ کی ڈائرکٹر وی سمنگلا نے بتایا ہے کہ اگر طلباء اپنا رول نمبر 56263کو مقررہ کوڈ کے ساتھ ایس ایم ایس کریں تو انہیں جوابی ایس ایم ایس کے ذریعے ان کا نتیجہ روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ اس مرتبہ بورڈ کے ذریعے جوابی پرچوں کی جانچ ڈجیٹل نظام کے تحت کی گئی ہے۔ اس کے پیش نظر نتائج ظاہر کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نتائج کے تعلق سےمحکمہ تعلیمات نے صبح اعلان کیا تھا کہ 2مئی کو نتائج ظاہر کئے جائیں گے، مگر شام میں دوبارہ اعلان کیا گیا کہ کل ہی نتائج ظاہر کردئے جائیں گے۔ اور اسکولوں میں 2مئی کو نتائج کاجائزہ لیا جاسکے گا۔