بجلی کے نرخوں میں اضافہ قابلِ مذمت ہے: ویلفیئر پارٹی
بنگلور: 10/جون (پی آر) ریاستی حکومت نے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا ہے جس پر ویلفیئر پارٹی نے شدید مذمت کی ہے اور فوری طور پر اضافی شرح کو واپس لینے کیلئے حکومت پر دباوٴ ڈالاہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ کوویڈکی وجہ سے پہلے ہی لوگ اپنی ملازمت اور کمائی سے محروم ہوچکے ہیں، ضمنی انتخابات کے پیش نظرحکومت کا بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرنا عوام مخالف عمل ہے۔ ریاستی حکومت لوگوں کی پریشانیوں کو مزید بڑھانے کا کام کررہی ہے کہتے ہوئے غم وغصے کا اظہار کیاگیا۔
پارٹی کے ریاستی صدر طاہر حسین نے بتایا کہ عوام کی مشکلات کو کم کرنے کی بجائےریاست کی بی جے پی حکومت دولت مندوں کی خوشامد کرنے میں مصروف ہے۔ الزام عائد کیا گیا کہ غریبوں تک بجلی پہنچانے کے برقی ایکٹ میں مرکزی حکومت نے ترمیم کی ہے تاکہ عوام کے پیسوں پر بنائے گئے سرکاری بجلی کے نظام سے نجی سرمایہ دار فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کی نجکاری کی گئی تو بھاگیہ جیوتی، کوٹیرا جیوتی اور کاشتکاروں کو بلا معاوضہ ملنے والی بجلی سے محروم ہونا پڑسکتاہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے کا غیر مناسب فیصلہ حکومت کو فوراً واپس لینا ہوگا اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو اس کی مخالفت میں ریاست گیرسطح پربڑے پیمانے پراحتجاج کرنے کا انتباہ کیا گیا ہے۔