کووڈ کے انتظامات میں حکومتیں پوری طرح ناکام، ویلفیئر پارٹی کا الزام
بنگلورو: 9/جون (پی آر) “بیمار ملک کی ایک ہی پکار کرسی چھوڑو مودی سرکار”ایک عنوان کے تحت قومی سطح پر انٹرنیٹ مہم چلارہی ویلفیئر پارٹی آف انڈیانے ریاست اور مرکزی حکومتوں پر الزام لگایاہے کہ وہ کوویڈ کو مناسب طریقے سے روکنے اوراسکے انتظامات میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کی جانب سے اس مہم کے زیر اہتمام ایک آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین نے کہا کہ محض باتوں سے سرمایہ کاری کرنے والے وزیر اعظم نریندرمودی اورہائی کمان کےاشارےکا انتظار کررہے وزیر اعلیٰ سے کوویڈ کی تباہی روکی نہیں جارہی ہے اوراس معاملے میں ریاست مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے۔ اسی طرح مرکزی حکومت بھی پوری طریقے سے ناکارہ ہوچکی ہے۔ ایک طرف بے روزگاری کی وجہ سے مزدور طبقہ اپنا اوراپنے خاندان کا پیٹ بھرنے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔ ملک میں بھوک کی تڑپ بڑھ رہی ہے۔
مرکزی حکومت کے طرز عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے عدالیہ نے بھی خبردار کردیا ہے، لیکن افسوس کہ مرکز اپنے اس طرز عمل سےباز نہیں آرہی ہے یہ قابل مذمت ہے۔انہوں اپیل کی کہ محض باتوں سے کسی کا پیٹ نہیں بھرا جاسکتا ہے، اس کے بجائے مزدور طبقہ ، متوسط طبقے اور غریبوں کیلئے حکومتوں کو معاشی پیکیج کا اعلان کرکے غریبوں کی مدد کریں ۔ایک اورمفکرشیواسندر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب دوسرے ممالک میں کوویڈ کی دوسری لہر میں متاثرین اور اموات کی شرح میںاضافہ ہورہاتھا اسی وقت ہمارے ملک کو بیدار ہوجانا چاہئے تھااور قبل از وقت بیداری اقدامات اٹھانے چاہئے تھے لیکن ہمارے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو اس وقت اپنے انتخاب کی تیاری کر نا اس سے زیادہ ضروری لگا اور اسطرح حکومتوں نےدوسری لہر کا استقبال کیااور ملک کے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو دائوں پر لگادیا ۔
انہوں نے مزید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ہم نہیں بھول سکتے کہ20جنوری کوکسطرح پہلی لہر ہندوستان پر حاوی ہوئی تھی۔ واضح ہوکہ اس وقت ہمارے ملک کے وزیر اعظم نے ڈونالڈ ٹرمپ پر اپنی دوستی اوربے شمارمحبت کا اظہار کرتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میںغیر ملکیوں اورملکی باشندوں کو جمع کرکے بڑےہی اعلیٰ شان پیمانے پر انکا استقبال کروایا تھا اوراسطرح ملک کو اس وباء سے تباہ ہونے کا راستہ دکھایا گیا۔
مزید الزام لگایاکہ جب پہلی لہر کم ہوئی تو ہمارے معزز وزیر اعظم نے کھلے عام یہ اعلان کروایا دیا کہ ہم نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔ بعدازاں انہوں نے اپنے انتخابات کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے عوام کو بے وقوف بنادیا اور یہی وجہ تھی کہ دوسری لہر کا اثر ملک میں بڑھنے لگا۔ ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ کسطرح پہلی لہر کے دوران نامناسب لاک ڈائون کی وجہ سے تارکین وطن اپنے اپنے مقامات پر نہیں پہنچ سکے تھے، کئی لوگوں کی ٹرین کی پٹریوں پر ہی جانیں چلی گئیں۔ ریلوے پٹریوں پر سوئے ہوئے مزدوروں اور آدھے آدھےراستوں میں مرنے والے کارکنوں کی اموات کیلئے مرکزی حکومت ہی براہ راست ذمہ دار ہے۔سیمینار میں پارٹی کے صدر سکریٹری حبیب اللہ خان، سکریٹری عادل پٹیل، ریاستی میڈیا سکریٹری عزیز جاگیردار سمیت دیگر موجودتھے۔