ممبئی میں مانسون کی آمد، شدید بارش سے سڑکوں پر سیلاب، ٹریفک جام
ممبئی میں مانسون سے وقت سے پہلے ہی دستک دے دی ہے اور شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ متعدد علاقوں میں سڑکوں پر سیلاب آ گیا ہے اور ہائی ٹائیڈ کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔ احتیاطاً سمندر کے ساحل کو خالی کرا لیا گیا ہے اور کئی ٹیمیں صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ممبئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر جینت سرکار نے بتایا کہ ممبئی میں مانسون پہنچ چکا ہے۔ عموماً یہ 10 جون کو یہاں پہنچتا ہے لیکن اس بار یہ ایک دن پہلے پہنچ گیا ہے۔ اس سے قبل منگل کے مانسون سے پہلے کی بارش ہوئی تھی، جس نے ممبئی کو پانی پانی کر دیا۔ متعدد علاقوں میں سڑکیں زیر آب آ گئیں، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک بھی درہم برہم ہو گیا۔
بارشوں کے سبب ریلوے ٹریک بھی پانی میں ڈوب گئے ہیں جس سے ٹرین خدمات بھی متاثر ہو گئی ہیں۔