ووٹ ڈالنے کے بعد مودی کے روڈشوپر الیکشن کمیشن نے مانگی رپورٹ
کانگریس کی قیادت میں حزب اختلاف نے وزیر اعظم نریندر مودی کےانتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سے شکایت کی ۔ الیکشن کمیشن نے اس پورے معاملہ میں گجرات کے الیکشن انچارج سے پوری رپورٹ مانگی ہے۔ جس وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اس میں ابھی شیک منو سنگھوی، جے رام رمیش وغیرہ تھے۔ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ابھی شیک منو سنگوی نے بتایا کہ انہوں نے دو انتہائی اہم موضوع پر دو قرارداد دی ہیں’’وزیر اعظم ملک کی ایگزیکٹو کے سب سے اعلی عہدے پر ہیں اور جتنا بڑا عہدا ہوتا ہے اتنی بڑی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ ہم نے الیکشن کمیشن کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم لگاتار انتخابی ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ‘‘۔
اپنے ہر عمل سے وزیر اعظم نریندر مودی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ ہر طرح کے قانون سے اوپر ہیں ۔ کل احمدآباد میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد انہوں نے ایسا ہی کیا ۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انہوں نے کھلی گاڑی میں ایک منی روڈ شو کیا،تقریر کی اور سڑک پر جا کر لوگوں سے ملاقات بھی کی ۔ یہ عمل انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ایسا نہیں ہے کہ وزیر اعظم یا ان کے عملہ کو اس کا علم نہ ہو لیکن انہوں نے اس لئے ایسا کیا کیونکہ جب انتخابات ہوتے ہیں تو وہ اپنے آگے سب کچھ بھول جاتے ہیں ۔
سنگھوی نے بتایا کہ ’’کل (پیر کی رات)رات ساڑھے دس بجے ہم نے تحریری شکل میں شکایت کی تھی کہ وزیر اعظم جب بھی ووٹ ڈالتے ہیں اس کے بعد وہ انتخابی ضابطہ اخلاف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک جلوس نکالتے ہیں ۔ ہم نے پیر کی رات والی شکایت میں تحریر کیا تھا کہ سال 2014 کے پارلیمانی انتخابات میں اور سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے ایسا ہی کیا تھا۔ ہماری پیشن گوئی صحیح ثابت ہوئی اور آج ووٹ ڈالنے کے بعد وہ ایک جلوس میں نکلے ، تقریر کی، سیاسی بیان دئے ۔ اس سے زیادہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیا ہو گی ‘‘
کانگریس نے انتخابی کمیشن سے پی ایم نریندر مودی کے خلاف شکایت کی ہے اور کہا ہے کہ انھیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سزا دی جائے۔ کانگریس لیڈر ابھشیک منو سنگھوی کا کہنا ہے کہ گجرات میں ووٹ ڈالنے کے بعد پی ایم مودی نے جو انتخابی تشہیر کی اس کے لیے ان پر 48 سے 72 گھنٹے کی پابندی لگائی جائے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سنگھوی نے کہا کہ ’’منگل کو گجرات کے احمد آباد میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نریندر مودی نے ایک روڈ شو کیا تھا اور ساتھ ہی انھوں نے لوگوں کو خطاب بھی کیا تھا۔ ان کا ایسا کرنا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ایسے میں انتخابی کمیشن سے ہماری اپیل ہے کہ لوک سبھا کے اس انتخاب میں ان کے ذریعہ تشہیر کرنے پر 48 سے 72 گھنٹے کی روک لگائی جائے۔‘‘ کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق کانگریس نے امت شاہ کی انتخابی تشہیر پر بھی پابندی لگانے کی اپیل انتخابی کمیشن سے کی ہے کیونکہ انھوں نے بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔