پنچایت انتخاب ہارنے پر امیدوار کا تبدیلی مذہب کا اعلان! مرکزی وزیر مداخلت کرنے پر مجبور
تبدیلی مذہب کے معاملہ نے اس قدر طول پکڑ لیا کہ مرکزی وزیر سنتوش گنگوار نے خود سریش کو فون کر کے سمجھانے کی کوشش کی۔
بریلی: انتخابات میں ہارنے کے بعد امیدوار مایوس ہو جاتے ہیں لیکن ایک امیدوار اتنا دل برداشتہ ہوا کہ وہ تبدیلی مذہب پر بضد ہو گیا ہے۔ یہ معاملہ یوپی کے بریلی میں پیش آیا، جہاں پنچایت انتخابت کے امیدوار سریش گنگوار نے ہارنے کے بعد تبدیلی مذہب کا اعلان کر دیا۔
سریش گنگوار نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے پنچایت انتخابات میں قسمت آزمائی کی تھی، لیکن اسے صرف 43 ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔ وہ اپنی اس ہار سے بہت زیادہ پریشان ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ان کی ہار کی وجہ سے گاؤں میں ان کا مذاق بھی بنایا جا رہا ہے۔ امیدوار کو اس بات کی تکلیف ہے کہ سبھی نے اس کو حمایت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ووٹ کسی نہیں دیا، جس کی وجہ سے اسے ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔
سریش نے پریشان ہو کر تبدیلی مذہب کا اعلان کر دیا، تاہم اس اعلان کے ساتھ ہی بی جے پی لیڈران متحرک ہو گئے اور انہوں نے سریش کو منانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ اس معاملہ نے اتنا طول پکڑ لیا ہے کہ مرکزی وزیر سنتوش گنگوار نے خود سریش کو فون کر کے انہیں سمجھانے کی کوشش کی۔
اس معاملہ پر گاؤں میں باضابطہ پنچایت کا انعقاد کیا گیا اور سبھی گاؤں والوں کے سامنے سریش نے اپنے تبدیلی مذہب کے اعلان کو واپس لے لیا۔ انتخابات میں ہارنے کے بعد رنجشیں تو ہوتی ہیں لیکن مایوس امیدوار ہارنے کے بعد اپنا مذہب ہی تبدیل کرنے کا اعلان کر دے ایسا پہلی بار دیکھا گیا ہے۔