مئی 26/کو کسانوں کا یوم سیاہ، SDPI نے کسانوں کی حمایت کا کیا اعلان
نئی دہلی: 24/مئی (پی آر) سوشیل ڈیموکریتک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے 26مئی 2021کو “جمہوریت کیلئے یوم سیاہ”کے نام سے سمیوکتا کسان مورچہ (ایس کے ایم) کی طرف سے کسانوں کے جدوجہد کے چھ ماہ مکمل ہونے پر ملک بھر میں احتجاج کا مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ ایس ڈی پی آئی کارکنان اور قائدین اس دن اپنے گھروں اور محلوں میں سیاہ جھنڈوں کے ساتھ پلے کارڈ اور پوسٹرز لیکر مظاہرہ کریں گے اور کسانوں کی احتجاج کی حمایت میں سوشل میڈیا مہم چلائیں گے۔
ایم کے فیضی نے مزید کہا ہے کہ مرکزی بی جے پی حکومت کارپوریٹ کمپنیوں کو کسانوں اور مزدوروں کی جانوں کی قیمت پر اس ملک کے دولت اور وسائل کو لوٹنے میں مدد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ کسان گزشتہ چھ ماہ سے احتجاج کررہے ہیں جن میں بنیادی طور پر متنازعہ کھیتی قوانین کی منسوخی اور کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) کو قانونی استحقاق دینے کے دو مطالبات ہیں۔ شدید موسمی صورتحال کے سبب اس احتجاج میں اب تک 500سے زیادہ کسانوں کے ہلاکت کے باوجود بی جے پی حکومت کسانوں کے مطالبات کو سننے اور اس کا ادارک کرنے کی زحمت گوارا نہیں کررہی ہے۔ بی جے پی حکومت کسانوں کو نظر انداز کررہی ہے اور بات چیت کے نام پرسخت ہٹ دھرمی دکھا رہی ہے جوکہ ہندوستانی سیاست اور انتظامیہ کیلئے ایک داغ ہے۔
ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے کہا ہے کہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنا ضروری ہے کیونکہ وہ پوری انسانیت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور بی جے پی کا کسانوں کے احتجاج پر گھمنڈ اور ڈھونگ کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ ایس ڈی پی آئی نے مرکزی بی جے پی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر حکومت کسانوں کے مطالبات پورے نہیں کرتی ہے تو ملک میں سنگین نتائج برآمد ہونگے۔