قرارداد سے فلسطین آزاد نہیں ہوگا، اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے: امیرجماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق
کراچی: 24/مئی- امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پوری دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، القدس کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی، اقصیٰ مسجد میں یہودی فوجوں نے ہمارے بھائیوں پر تشدد کیا، او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے۔ کراچی میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 23/مئی کو جماعت اسلامی نے ریالی کا انعقاد کیا۔ شارع فیصل پر جماعت اسلامی کی فلسطین ریالی میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریالی سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی فوجوں نے ہمارے بھائیوں پر تشدد کیا، 300 لوگ شہید ہوگئے، ہزاروں زخمی ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے صرف قرارداد پیش کرتے ہیں، قرارداد سے فلسطین آزاد نہیں ہوگا، بیت المقدس کی آزادی کے جدوجہد جاری رہے گی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے درندگی کا مظاہرہ کیا، معصوم بچوں کو شہید کیا جب عوام نے احتجاج کیا تو حکمرانوں کو ہوش آیا۔حافظ نعیم نے مزید کہا کہ جنگ بندی حماس کی فتح ہے، امت مسلمہ کی فتح ہے۔
سراج الحق امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج عظیم الشان اورتاریخی ”فلسطین مارچ“ کے لاکھوں شرکاءکا مطالبہ ہے کہ عالم اسلام کے وہ ممالک جنھوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں ،عالم اسلام کے تمام ممالک مل کر ایک مشترکہ فوج قبلہ اول کی حفاظت کے لیے فلسطین میں داخل کریں۔
ریلی سے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔انہوں نے اہلیان کراچی اور جماعت اسلامی کو خراج تحسینِ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان حکومتی سطح پر مسئلہ فلسطین کے مؤقف کو آگے بڑھاتا رہے گا۔