اسرائیل کا جنگ بندی کا اعلان فلسطینیوں کی فتح: مولانا محمد تصدق ندوی
فلسطین کے بہادر بچوں، بہنوں اور جوانوں کو جو موت کو اپنے سامنے دیکھتے ہوئے بھی زرہ برابرڈر اور خوف کے بجائے دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈالکر ان کو للکارا، عاجزی انکساری اور زندگی کی بھیک نہیں مانگی بلکہ غاصب اسرائیلیوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ ہم انہیں سلام کرتے ہیں۔
بیدر: 22/مئی (اے ایس ایم) نہتے کمزور فلسطینیوں نے اسرائیل کو گٹھنے ٹیکنے پر مجبورکیا،بے سروسامانی میں سینہ سپر ہوکر اسرائیلیوں کاڈٹ کرمقابلہ کیا اور انہیں جنگ بندی پر مجبورکیا یہ فلسطینیوں کی جیت ہے۔ ہم سلام کرتے ہیں فلسطین کے ان جیالوں بہادر بچوں بہنوں کو جو موت کو اپنے سامنے دیکھتے ہوئے بھی زرہ برابرڈر اور خوف اپنے دل میں آنے نہیں دیا،دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈالکر ان کو للکارا، ان سے عاجزی انکساری نہیں کی اور نہ ان سے زندگی کی بھیک مانگی بلکہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لئے غاصب اسرائیلیوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد تصدق ندوی جنرل سیکریٹری جمعیت علماء بیدر نے ایک صحافتی بیان میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں 57 مسلم ممالک ہونے کے باوجودسب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،زبانی جمع خرچ کے علاوہ کوئی انکی مدد کے لئے تیار نہیں ہے،جبکہ ارض فلسطین کا دنیا کے مسلمانوں سے ایمانی رشتہ ہے،ایمانی رشتہ خونی رشتہ سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے،پورا عرب یہودیوں کا غلام بن چکا ہے، جن کو اللہ نے دنیا کا امام بنایا تھاوہ خود غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں،فلسطینی اپنی لڑائی خود لڑ رہے ہیں،چھوٹے چھوٹے بچے ٹینک کا جواب پتھر سے دے رہے ہیں،میزائل کا جواب غلیل سے دے رہے ہیں،ہمارے یہاں کوئی بچہ پیدا ہوتا ہے تو ہم کہتے ہیں ہمارے بڑھاپے کا سہارا آگیا،لیکن فلسطین میں جب کوئی بچہ پیدا ہوتا ہے تو مائیں کہتی ہیں مسجد اقصیٰ کا محافظ ومجاہد آگیا.
11 دن میں اسرائیلی حملوں کے دوران 232 فلسطینی شہید اور1900 سے زائد زخمی ہوئے ہیں،شہیدوں میں 65 بچے اور 39 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ 1 لاکھ20 ہزارسے زائدافراد کے گھرملبہ کا ڈھیر بن چکے ہیں،اتنے سارے ستم سہنے کے باوجودفلسطینیوں نے ہار نہیں مانی، برابر ان سے مزاحمت کرتے رہے،آخر کار اسرائیل کو جنگ بندی کا اعلان کرنا پڑا۔
جنگ بندی اعلان کے بعدفلسطینی فرحت وانبساط سے جھوم اٹھے اورسڑکوں پر نکل کر جشن منایااور مسجد اقصیٰ میں وقت فجر سجدہئ تشکر بجالاتے ہوئے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرہ بلند کئے جس سے حرم گونج اٹھا اور خوشگوار ماحول میں نمازفجر ادا کی۔
مولانا محمدتصدق ندوی نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی پُرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیلی پروڈکٹس کو اپنی زندگیوں سے نکالیں، اپنے گھروں اور شاپنگ مال سے نکالیں، گندے لوگوں کی یہ گندی چیزیں ہیں، یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ کوک اور پیپسی ٹائیلیٹ کلینر ہیں، یہ ہماری صحت کے لئے شدید مضر ہیں،اگر اسرائیل فلسطینیوں کو میزائل سے مار رہا ہے تو یہ دنیا کے لوگوں کو انکی صحت خراب کر کے مار رہے ہیں۔ مولانا محمدتصدق ندوی نے بھارت حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلی مصنوعات پر مکمل پابندی عائد کرے۔