علاقہ کلیان کرناٹککرناٹک کے اضلاع سے

مولانا سیدمحمدعثمان منصورپوری صدرجمعیت العلماء ہند کے سانحہٴ ارتحال پر جمعیۃ علماء ضلع گلبرگہ کا اظہارِ تعزیت


گلبرگہ: 22/مئی (ایچ اے) جمعیت العلماء ہند ضلع گلبرگہ کے صدر،نائب صدور، معاون سیکریٹریز اور تمام عہدیدار و اراکین اور وابستگان جمعیت العلماء ہند ضلع گلبرگہ نے امیر الہند، صدر جمعیۃ علماء ہند اور ازہر ہند دار العلوم دیو بند کے معاون مہتمم حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری قدس سرہ کے سانحہ ارتحال پر انتہائی رنج و غم کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہیکہ آج نہ صرف ہم خدام جمعیۃ علماء ضلع گلبرگہ بلکہ ملک بھر کے جمعیت کے خدام و وابستگان اپنے قومی صدر محترم اور ان کی رہنمائی وسرپرستی اورشقفت و محبت سے محروم ہو گئے ہیں۔ امیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصوری پوری قدس سرہ مختصر سی علالت کے بعد بتاریخ 21 مئی بروز جمعہ سوا ایک بجے اس دار فانی کو چھوڑ کر اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔

اس حادثہ فاجعہ پر جمعیت العلماء ہند ضلع گلبرگہ کے صدر حضرت مولاناحافظ محمد شریف مظہری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری قدس سرہ کی رحلت ملت اسلامیہ کا سانحہ کبیرہے۔ ایسے نازک دور میں حضرت کاہم سے جدا ہوناپوری ملت اسلامیہ کاایسانقصان ہے جس کا مداوابظاہر مشکل نظر آتا ہے،حضرت امیر الہند قدس سرہ کے سانحہ ارتحال نے ایک مرتبہ پھر علمی و روحانی حلقوں سمیت ملک و ملت کی فضاء کو مغموم و متاثر کردیا ہے، ساری دنیا میں پھیلے ہوئے حضرت امیرالہند ؒکے شاگرد، فیض یافتگان و متعلقین اورجمعیۃ علماء ہند کے ملک بھر کے خدام و وابستگان حضرت امیرالہند قدس سرہ کے سانحہ ارتحال کی خبر سن کر افسردہ اورسکتہ میں ہیں۔

حضرت مولاناقاری سید محمد عثمان قدس سرہ،شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی نوراللہ مرقدہ کے داماد اورحضرت فدائے ملت حضرت مولانا سید محمد اسعد مدنی نوراللہ مرقدہ کے اجل خلفاء میں سے تھے،حضرت امیر الہند دنیا کی ان نامور، ممتاز اور معتبرشخصیات میں شمار کئے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی متانت، سنجیدگی، اعتدال، میانہ روی اور حسن انتظام سے دنیا کو ایک معیار عطاکیا اور اپنے بعد والوں کے لئے ایک بہترین مثال چھوڑا اور اسلاف کی روایات اور یادوں کو زندہ و تابندہ رکھا۔علمی شان و وقار، اخفاء حال، تواضع اور کسر نفسی، ضیافت و مہمان نوازی، حسن اخلاق اور زبان وبیان کی شگفتگی اور شیرینی حضرت مولاناقاری سید محمد عثمان صاحب قدس سرہ کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھا۔

آپ کی ذات سے ہزاروں لوگوں کی اصلاح ہوئی۔نمونہ اسلاف حضرت امیرالہند دارالعلوم دیو بند میں انتظامی امور کے ساتھ ساتھ طویل عرصہ تک مشکوۃ شریف،طحاوی جیسی حدیث کی اہم کتابوں کا درس بھی دے رہے تھے، کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت کے ناظم تھے ختم نبوت اور رد قادیانیت پر کی گئی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ دارالعلوم دیوبند، جمعیۃ علما ء ہند،اور کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت میں تاقیامت آپ کی کمی کا احساس رہے گا۔

جمعیت العلماء کے پروگرام و جلسہ میں شرکت کیلئے صدر محترم حضرت مولاناقاری سید محمد عثمان صاحب قدس سرہ کی گلبرگی آمد بھی ہوئی ہے اور اس موقع پر حضرت امیر الہند کا خطاب بھی یادگار ہے۔ اللہ حضرت امیرالہند قدس سرہ کی خدمات کو قبول فرمائے اورحضرت کی خدمات جلیلہ کے صدقہ جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا ء فرمائے، لواحقین اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا ء فرمائے۔ اللہ تعالی ملت ا سلامیہ کو آپ کا نعم البدل عطا ء فرمائے۔مفکر ملت حضرت مولانامحمد شریف مظہری صدر جمعیت العلماء ہند ضلع گلبرگہ نے ضلع بھر میں قائم جمعیۃ علماء گلبرگہ کی تمام شاخوں کے عہدیداران و اراکین، ذمہ داران و وابستگان کے علاوہ مدار س اسلامیہ وائمہ مساجد اور عامۃ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ امیرالہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری نوراللہ مرقدہ کے لئے درجات میں بلندی کیلئے دعا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!