کرناٹک: ریاستی حکومت کے کووڈ پیاکیج کی رقم پر ویلفیئر پارٹی نے کیا ناراضگی کا اظہار
بنگلورو:19/ مئی (پی آر) ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کرناٹک نے وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا کے کووڈ پیاکیج کے اعلان پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے پریس کانفرنس کے ذریعہ الزام لگایا کہ ہم پچھلے ایک مہینے سے حکومت کے سامنے یہ مطالبہ مسلسل کرتے آرہے ہیں اور اب جاکر حکومت نے خصوصی پیاکیج کا اعلان کیا ہے۔ لیکن یہ معاوضہ بروقت تقسیم کیا جانا چاہئے۔ پچھلے سال آدھے سے زیادہ لوگوں تک راحتی پیاکیج نہیں پہنچ سکاتھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیکیج کی رقم 2,3 ہزار سے بڑھاکر 5 ہزار روپئے کیا جانا چاہئے۔ اس کے علاوہ راشن سسٹم کا نظام بھی درست کیا جانا چاہئے تاکہ غریبوں تک اناج پہنچ سکے۔ نجی اداروں کے اساتذہ کو معاوضہ دیا جانا چاہئے۔حکومت کو آم ، کیلے ، انگور ، ٹماٹر سمیت مختلف کاشتکاروں کی مکمل تفصیلات حاصل کرتے ہوئےمناسب طریقہ کار سے پیاکیج کا اعلان کرناچاہئے۔
اب تک کسانوں کیلئے معقول قیمتوں کا اعلان نہیں کیاگیا ہے، زرعی اشیاء کی تمام قیمتوں میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے، لیکن حکومت نےکسانوں کے بینک سود میں چھوٹ کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔ غریبوں کے ذریعہ حاصل کردہ قرض پر ایک سال کے سود کی چھوٹ کا اعلان کیا ہے۔کھاد اور بیجوں کی قیمت بھی مہنگی ہوچکی ہیں۔حکومت کو چاہئے کہ کاشتکاروں کی سرمایہ کاری کا کم از کم 25 فیصد اخراجات ادا کرے۔ اس موقع پر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کرناٹک کے ریاستی صدر طاہر حسین موجود تھے۔