یوگی حکومت میں ہائی کورٹ کا حکم بھی بے معنی، مسجد پر چلایا بلڈوزر!
رام سنیہی گھاٹ واقع مسجد کو شہید کرنے سے قبل مقامی انتظامیہ نے مسجد سے تقریباً ایک میل دور تک سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا تھا تاکہ کوئی مسجد کے قریب نہ پہنچ سکے۔
اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی واقع رام سنیہی گھاٹ شہر میں ایک مسجد کو شہید کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی حکمراں اتر پردیش میں الٰہ آباد ہائی کورٹ کے ایک فیصلہ کے خلاف جاتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے تقریباً 100 سال قدیم مسجد کو منہدم کر دیا۔ ہندوتوا کے علمبردار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پہلے سے ہی مسلم مخالف اقدامات کے لیے لگاتار تنقید کا سامنا کرتے رہے ہیں، اور اب اس واقعہ کے بعد ان کے خلاف مزید آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
مسجد شہید کیے جانے کا معاملہ پیر کے روز پیش آیا، لیکن منگل کو اس سلسلے میں خبریں عام ہوئیں اور سوشل میڈیا پر اس کے خلاف آواز بھی اٹھنے لگی ہے۔ لوگ یہ جان کر حیران ہیں کہ 24 اپریل 2021 کو جب ہائی کورٹ نے کہہ دیا تھا کہ 31 مئی 2021 تک کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، پھر کس طرح مسجد پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔
’دی گارجین ڈاٹ کام‘ ویب سائٹ پر اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ نے ریاستی ہائی کورٹ کے حکم سے انحراف کرتے ہوئے مسجد پر بلڈوزر چلا دیا، اور یہ 1992 میں بابری مسجد انہدام کے بعد کسی مسلم عبادت خانہ پر کی گئی بڑی اشتعال انگیز کارروائیوں میں سے ایک ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مسجد کمیٹی کے پاس موجود کاغذات کے مطابق یہ مسجد کم از کم 60 دہائی قدیم تھی اور برطانوی حکومت میں تعمیر ہوئی تھی۔
مسجد پر بلڈوزر چلائے جانے والے واقعہ کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ پیر کے روز پولس اور سیکورٹی سروسز علاقے میں پہنچے اور لوگوں سے مسجد کے آس پاس کی جگہ خالی کرانے لگے۔ پھر انھوں نے بلڈوزر لا کر مسجد کی عمارت کو منہدم کر دیا۔ منہدم مسجد کے ملبہ کو ندی میں پھینک دیا گیا جس کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ اس واقعہ کو انجام دینے سے قبل مقامی انتظامیہ نے مسجد سے تقریباً ایک میل دور تک سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کر دیا تھا تاکہ کوئی مسجد کے قریب نہ پہنچ سکے۔