بیدرمیں لاک ڈاوٴن کا اثر: سڑکیں سنسان، شہرمیں جگہ جگہ چیک پوسٹ پر پولیس کی چیکنگ اورکارروائی کا کام جاری
بیدر: 10/مئی (اے این این) ریاستی حکومت کی جانب سے 10 سے 24 مئی تک کورونا انفیکشن کنٹرول کے لئے اعلان کردہ لاک ڈاؤن کے سبب پولیس ضلع بھر میں کافی متحرک اور کافی بندوبست کے ساتھ اور سڑکوں پر نگرانی اور چیکنگ کر رہی ہے۔ لوگوں کو گھر واپس بھیجنے کے لئے پولیس نے جگہ جگہ متعدد چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔
شہر بیدر کے امبیڈکر سرکل، بسویشور سرکل، چوبارہ، گاندھی گنج، بس اسٹانڈ، نوآباد روڈ، گمپا روڈ، چدری روڈ اور دیگر اہم راستوں پر عارضی چیک پوسٹ قائم کیے گئے ہیں، جہاں پر پولیس اہلکار آنے جانے والوں پر سختی کے ساتھ نگرانی کر رہے ہیں، گاڑیوں کو روک کر چیکنگ کی جارہی ہے اور افراد سے باہر نکلنے کی وجہ پوچھی جارہی ہے۔ بلاضرورت اور غیر ضروری آنے جانیوالے افراد سے سختی کے ساتھ نمٹا بھی جارہا ہے۔
اگرچہ ریاستی حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے مکمل طور پر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے، لیکن کچھ لوگ راستوں پر اِدھر سے اُدھر آتے جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پولیس نے لوگوں سے زبانی طور پر گاڑی ضبط کرنے کی بات بھی کر رہی ہے۔ مجموعی طور پر شہر بیدر اور ضلع کے مختلف مقامات پر لوگ گھر سے باہر نکلنے پر ایک طرف کورونا کا قہر اور دوسری طرف پولیس کی سختی کے سبب باہر نکلنے کے بجائے گھر پر ہی مقید رہنا پسند کر رہے ہیں۔
پولیس شہر میں نکلنے والی گاڑیوں کی جانچ کررہی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس کی چلتی گاڑی میں پولیس اہلکار مائک سے کہہ رہے ہیں کہ گھر سے باہر نہ نکلیں، گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں۔ ورنہ لاک ڈاوٴن کی خلاف ورزی کے تحت سخت کارروائی کی جائیگی۔