اعظم گڑھ سےاکھلیش یادو نے پرچہ نامزدگی داخل کیا
اعظم گڑھ: سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کو اعظم گڑھ پارلیمانی سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اعظم گڑھ میں چھٹے مرحلے کے تحت 12 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پرچہ نامزدگی کے دوران اعظم گڑھ کلکٹریٹ دفترمیں اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے ساتھ بہوجن سماج پارٹی کے جنرل سکریٹری ستیش چندر مشرا خاص طور سے موجود رہے۔
پرچہ نامزدگی کے بعد اتحاد کے لیڈروں نے بٹھولی میں ایک عواملی ریلی سے خطاب کیا۔ ریلی سے خطاب کے دوران اتحاد کے لیڈروں نے عوامی مسائل خاص طور سے نوجوانوں کی بے روزگاری کے لئے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے ان پر جم کر حملہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ تیسری بار ہے جب اکھلیش والد ملائم سنگھ کے ذریعہ چھوڑی گئی سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں اس سے پہلے اکھلیش نے قنوج اور فیروزآباد سے انتخاب لڑ چکے ہیں۔ اس الیکشن میں اعظم گڑھ سے موجودہ رکن پارلیمان ملائم سنگھ یادو اپنی روایتی سیٹ مین پوری سے انتخابی میدان میں ہیں جبکہ 2014 کے عام انتخابات میں ملائم سنگھ یادو نے اعظم گڑھ سے اپنے حریف و بی جے پی امیدوار رما کانت یادو کو 1.60 لاکھ ووٹوں سے شکست دی تھی۔ راما کانت یادو نے اس الیکشن میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور بھدوہی سے انتخابی میدان میں ہیں۔
اعظم گڑھ سے اکھلیش کا براہ راست مقابلہ بی جے پی امیدوار و بھوجپوری فلم کے اداکار دنیش لال یادو عرف نرہوا سے ہے۔ اس سیٹ پر کانگریس نے اپنا امیدوار نہ اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل اکھلیش نے قنوج سے انتخابی میدان میں اترنے کے اشارے دیئے تھے لیکن بعد میں انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا اور قنوج سے بیوی ڈمپل یادو کو انتخابی میدان میں اتار کر خود اعظم گڑھ کو ترجیح دی۔