مبلغ دعوت اسلامی ضلع بیدر حکیم شیخ محمد فصیح اللہ صدیقی کا انتقال پُرملال
بیدر: 19/اپریل (اے ایس ایم) بیدر کی معروف دینی شخصیت محسن اہلسنت جناب حکیم شیخ محمد فصیح اللہ صدیقی مبلغ دعوت اسلامی ضلع بیدر کا آج صبح بعمر 55سال انتقال پر ملال ہوگیا۔ اُن کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر جامع مسجد بیدر میں مرحوم کے بھائی محمد عطاء اللہ صدیقی کی امامت میں ادا کی گئی اور تدفین احاطہ قبرستان درگاہ حضرت راجہ مستان متصل مسجد قباء بیرون فتح دروازہ ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں بدیدہئ نم عمل میں آئی۔ مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی دعائے مغفرت فرمائی۔
مرحوم اہلسنت الجماعت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے اپنے آ پ کو وقف کردیا تھا۔ مسجد پیر فانی بیدر میں بحیثیت خطیب ایک بڑے عرصہ تک خطاب کرتے رہے۔ نبی خانہ بیدر میں بحیثیت ناظم نظامت کے فرائض ماہ ربیع الاول میں انجام دیتے رہے۔ حضرت ملتانی بادشاہ ؒ بیدر کی ہمشیرہ صاحبہ حضرتہ رحیمہ اماں جی کی درگاہ شریف ہچکنلی کو ہر ہفتہ کو پابندی کے ساتھ 40سال سے جاتے رہے اور ہزاروں اہل معاملہ کو فیض پہنچاتے رہے۔بحیثیت ایک طبیب اور ماہر عملیات خلق خدا کو فیض پہنچاتے رہے۔
ضلع بیدر میں اہلسنت الجماعت کے اجتماعات، جلسہ،جلوس میلادالنبیؐ میں سب سے آگے بڑ ھ کر انتظامات میں حصہ لیتے،مہمانوں اور علمائے دین کا استقبال کرتے۔بحیثیت مبلغ دعوت اسلامی مسجد پیر فانی میں مدنی مرکز کا قیام، اور دعوت اسلامی کو مستحکم کرنے کے لئے دین رات مصروف رہے۔ جناب سید افسر پاشاہ قادری الجیلانی کے مرید اور خلیفہ بھی تھے۔ موصوف شیخ کرامت اللہ صدیقی مرحوم خطیب جامع مسجد بیدر کے فرزند تھے۔ جیسے ہی آپ کے انتقال کی اطلاع عام ہوئی لوگ مکان پہنچ کر اور بذریعہ فون پرسہ دیا اور صبر کی تلقین کی۔
جلوس، نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر ممتاز علمائے دین، معزیزین، دوست احباب رشتہ داروں کی کثیر تعداد جن میں ڈاکٹر سید حسام الدین قادری عذیر جانشین قاضی بیدر مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی، محمد فیاض الدین نظامی صدر نائب قاضی،نذیر احمد شرفی، جمیل احمد عطاری،فاروق عطاری، صلاح الدین عطاری، محمدشکیل سیٹھ، محمددستگیر، محمد مقبول،حکیم محمدمجیب الدین لقمان دواساز، محمد عبدالصمد منجووالا،محمدغوث قریشی،شامل تھے نے برادر اور فرزندکو پرسہ دیتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔
محمد عبید اللہ خاں عطاری نے مکان، مسجد اور احاطہ قبرستان میں نعت رسول پیش کرتے ہوئے ہر آنکھ کو تر کردیا۔ فاتحہ سیوم 20اپریل بروز منگل بعد نماز ظہر تا عصر جامع مسجد بید رمیں ختم القرآن مجید بعدنماز عصر فاتحہ اور پیش کشی چادر گل بہ مزار مرحوم مغفور مقرر ہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک لڑکا اور چار لڑکیاں شامل ہیں۔ محمد کفایت اللہ صدیقی، محمد عطاء اللہ صدیقی، فرزند نے شرکت فاتحہ اور دعائے مغفرت کی گذارش کی ہے۔
جناب سید لطیف الدین قادری خسرو صدر قاضی بیدر،سید ذوالفقار ہاشمی سابق رکن اسمبلی، مولانا مفتی سید سراج الدین نظامی، مولانا محمد عظیم احمد قادری انواری، حافظ محمد جاوید احمد نظامی، سید اسد صدر جماعت اہلسنت ہلی کھیڑ (بی)، محمد حاجی پاشاہ سوپر پریس، محمد اسلم سیٹھ سوداگر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اللہ پاک سے دعا کی ہے کہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جمیع سپماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔