حالاتِ حاضرہمضامین

لمبی ہے غم کی شام… مگر شام ہی تو ہے!

صدیقی محمد اویس، نالاسوپارہ

ملک کورونا کی دوسری لہر سے گزر رہا ہے۔ گذشتہ برس ان ہی دنوں مذکورہ وبا کے دور کا آغاز ہوا تھا اور اب اسکا اختتام بہت دور تک نظر نہیں آ رہا ہے۔ ملک کی بیشتر ریاستیں ایک دفعہ پھر لاک ڈاؤن کی نذر ہیں۔ اس دفعہ وبا مزید شدت اختیار کر گئی ہے، حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ اموات کا سلسلہ کچھ ایسا ہے آخری رسومات ادا کرنے کے لئے بھی لوگوں کو قبرستان اور شمشانوں میں کئی گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں آکسیجن سلنڈر کی فراہمی متاثر ہے تو کہیں اسپتالوں میں بیڈ کم پڑ رہے ہیں۔ آئے دن خبرِ غم کی بوچھار ہے۔ ہر روز کوئی نہ کوئی عزیز ہم سے بچھڑ رہا ہے۔ حالات نہایت ہی تشویشناک ہیں۔

لیکن کیا ہمیں مایوسی کا شکار ہوجانا چاہئے ؟ ہر گز نہیں۔ اتنا با برکت مہینہ ہم پہ سایہ فگن ہے، ہمیں چاہیئے کہ نا امید نہ ہوں۔ اللہ تعالی تو ستر ماؤں کے زیادہ محبت کرنے والا ہے، رحمان و رحیم ہے، ہماری شہ رگ سے بھی قریب ہے۔ ہر معاملے میں اللہ کی کوئی نہ کوئی مصلحت ضرور ہوتی ہے، وہ بڑا حکمت والا ہے۔ اللہ اپنے بندوں کو کبھی بے یار و مددگار کبھی نہیں چھوڑتا، اس لئے ہمیں بھی چاہئے کہ ان سخت ترین حالات میں اللہ کو یاد رکھیں، اپنے گناہوں کی معافی تلافی کریں، قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھیں اور سیرت رسول ﷺ کا مطالعہ بھی کریں تو ہم پائیں گے اللہ کے رسول اور صحابہ اکرام کس طرح سخت حالات میں بھی اللہ پر مکمل اعتماد رکھتے اور تدابیر کرتے تھے۔

اسی بابت اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اپنا، اپنے اہل خانہ کا اور آس پڑوس کا بھی خیال کریں۔ ان حالات میں قرآن مجید کی سورہ احزاب کی آیت “وَّ تَوَکَّلۡ عَلَی اللّٰہِ ؕ وَ کَفٰی بِاللّٰہِ وَکِیۡلًا
اللہ پر توکل کرو، اللہ ہی وکیل ہونے کے لیے کافی ہے۔” ہماری رہنمائی کرتی اور حوصلہ بخشتی ہے۔

دل نا امید تو نہیں ناکام ہی تو ہے
لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے

آخر میں اللہ سے دعا ہے کہ اللہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے صدقے میں تمام پریشانیوں کو دور فرما، مذکورہ وبا سے جو لوگ متاثر ہیں انکو شفائے کاملہ عطا فرما، اور جو فوت ہوچکے ہیں انکی معفرت فرما، اور ہم تمام کی حفاظت فرما، اپنی غریق رحمت کے ذریعے ان حالات کو بھی دور فرما۔۔۔۔آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!