ریاستوں سےمہاراشٹرا

میراروڈ میں جماعتِ اسلامی کی جانب سے مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم

میراروڈ: 16/اپریل(پی آر) رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوگیا ہے۔ ساتھ ہی پورے مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا ذریعہ معاش بند ہوگیا ہے اور فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔ ایسے حالات میں بہت سی تنظیمیں راشن تقسیم کر رہیں ہیں تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کوئی خاندان سحر و افطار میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میراروڈ میں جماعتِ اسلامی بھی کئی برسوں سے مسلسل ماہ ِرمضان میں راشن تقسیم کرتی آ رہی ہے۔ اس سال بھی جماعت کی جانب سے ڈیڑھ سو  خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

اس موقع پر انقلاب سے بات کرتے ہوئے جماعت کے رکن پروفیسر سید شریف نے کہا کہ یہ مہینہ غمخواری کا مہینہ ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ کوئی خاندان اس ماہ مقدس میں بغیر سحری و افطار کے رہے۔  ہم ہر سال رمضان المبارک میں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرتے ہیں ۔اس سال بھی ڈیڑھ سو غریب،معاشی طور پر پسماندہ خاندان میں راشن تقسیم کیا ہے۔  میراروڈ میں کئی افراد مجبور،غریب ،بے کس اور پریشان حال ہیں جماعت سال بھر لوگوں کی مدد کرتی رہتی ہے گزشتہ سال لاک ڈاؤن میں جماعت نے خدمت خلق کی مد میں بیس لاکھ روپیے خرچ کئے۔ جن میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ تین ہزار خاندانوں میں راشن کٹ کی تقسیم، غریب مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنا،یتیم بچوں میں تعلیمی وظائف کی تقسیم وغیرہ کام شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ان فلاحی کاموں سے سماج و ملّت میں اچھے اثرات دیکھنے کو ملتے ہیں ،سماج میں خیر سگالی اور امداد باہمی کا جذبہ پروان چڑھتا ہے وہیں یہ کام کارکنان جماعت کی اخروی نجات کا ذریعہ بھی بنتا ہے ۔

اس موقع پر جماعتِ اسلامی میراروڈ کے امیر مقامی عطاء الحق نے کہا کہ جماعت بہت منظم طریقے سے یہ سرگرمی انجام دیتی ہے۔ مستحق لوگ اپنا نام جماعت کے دفتر میں لکھواتے ہیں اور پھر جماعت کے کارکنان گھر گھر جا کر باقاعدہ سروے کرتے ہیں اور مستحق خاندان کی شناخت کرکے ان کو راشن کا کوپن تقسیم کرتے ہیں ۔ یہ پوچھنے پر کہ  سروے میں کیا دیکھا جاتا ہے عطا الحق نے کہا کہ ہم لوگوں کی معاشی حالت،طرز زندگی اور موجودہ سچویشن پر دھیان دیتے ہیں۔ سروے میں انتخاب کی بابت سوال کا جواب دیتے ہوئے عطا الحق نے کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ خاندان کی تمام ذرائع سے آمدنی لائٹ بل اور مکان کا کرایہ ادا کرنے کے بعد اتنی کم ہو کہ فاقہ کشی کی نوبت آ جائے،ایسے خاندان کو ہم راشن دینے کے لئے منتخب کرتے ہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ راشن کٹ میں کیا کیا ہوتا ہے ،عطاالحق نے کہا کہ راشن کٹ میں مہینے بھر کا چاول،گیہوں کا آٹا،چار قسم کی دالیں ،شکر ،چائے پتی ، مسالے،اور کھجور جیسی بنیادی غذائی اجناس شامل کئے جاتے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!