اَب ’لنکڈ اِن‘ کے 50 کروڑ صارفین کا ڈاٹا ہوا لیک!
فروخت کے لیے رکھے گئے لیک ڈاٹا میں لنکڈ اِن آئی ڈی، پورا نام، ای میل، فون نمبر، جنس، لنکڈ اِن پروفائل کے لنک، دیگر سوشل میڈیا پروفائل کے لنک، پیشہ ور عہدہ اور ان کے کام سے متعلق ڈاٹا شامل ہیں۔
لوگ ابھی 53.3 کروڑ صارفین (61 لاکھ ہندوستانی) کے بڑے فیس بک ڈاٹا لیک معاملہ یعنی ڈاٹا افشا ہونے کو ہضم بھی نہیں کر پائے ہیں اور اب خبر آئی ہے کہ مائیکرو سافٹ کی ملکیت والے پیشہ ور نیٹورکنگ پلیٹ فارم لنکڈ اِن کے 50 کروڑ صارفین کا ڈاٹا لیک ہو گیا ہے۔ مبینہ طور پر یہ ڈاٹا آن لائن فروخت کیا جا رہا ہے۔ 50 کروڑ لنکڈ اِن پروفائل سے ڈاٹا کو مبینہ طور سے اسکریپ کیے گئے ارکائیو کو ایک مشہور ہیکر فورم پر فروخت کے لیے رکھا گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، ہیکنگ کے پیچھے شامل لوگوں نے لیک ہوئے 20 لاکھ ریکارڈ کو تو نمونے کے طور پر پیش بھی کیا ہے۔
’سائبر نیوز‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’لیک ہوئی 4 فائلوں میں لنکڈ اِن صارفین کے بارے میں ان کا پورا نام، ای میل پتہ، فون نمبر، کام کی جگہ کی جانکاری اور کئی ساری ایسی جانکاریاں اسکریپ کی گئی ہیں۔‘‘ فروخت کے لیے رکھے گئے لیک ڈاٹا میں لنکڈ اِن آئی ڈی، پورا نام، ای میل پتہ، فون نمبر، جنس، لنکڈ اِن پروفائل کے لنک، دیگر سوشل میڈیا پروفائل کے لنک، پیشہ ور عہدہ اور ان کے کام سے متعلق ڈاٹا شامل ہیں۔
اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’’ہیکر فورم کے صارفین 2 ڈالر کے فورم کریڈٹ کی مدد سے لیک کیے گئے نمونوں کو دیکھ سکتے ہیں، وہیں تھریٹ ایکٹر کم از کم 4 پوائنٹ والی رقم کے بٹ کوائن میں ممکنہ 50 کروڑ سے زیادہ صارفین کے ڈاٹا بیس کی نیلامی کرتا دکھائی دیتا ہے۔‘‘
دوسری طرف لنکڈ اِن نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے فروخت کے لیے پوسٹ کیے گئے لنکڈ اِن ڈاٹا کے مبینہ سیٹ کی جانچ کی اور یہ لنکڈ اِن کا لیک ڈاٹا نہیں تھا۔ ساتھ ہی کمپنی نے کہا کہ ’’ہم جتنا تجزیہ کر پائے ہیں اس کے مطابق لنکڈ اِن کے کسی بھی نجی رکن کے اکاؤنٹ کا ڈاٹا اس میں شامل نہیں تھا، جو ہم تجزیہ کرنے میں اہل تھے۔‘‘