کورونا کے نام پر صرف اسکولوں کو بند کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر: نیشنل کانفرنس
حکومت ایسا تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ اسکولوں کو بند کر کے تمام خطرات ختم ہو گئے ہیں اور پارکوں و مارکیٹوں کے رش، کوچنگ سینٹروں اور سرکاری تقریبات کے اہتمام سے کووڈ کا پھیلاﺅ نہیں ہوگا۔
نیشنل کانفرنس نے کووڈ کی تشویشناک صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی ‘غیر سنجیدگی’ پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ صرف اور صرف ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر تشہیر بازی کے لئے لیپا پوتی پر مبنی اقدامات کررہی ہیں جبکہ زمینی سطح پر اس وبائی بیماری کی روک تھام کے لئے کوئی بھی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا جارہا ہے۔
پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ حکومت ایسا تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ اسکولوں کو بند کر کے تمام خطرات ختم ہو گئے ہیں اور پارکوں و مارکیٹوں کے رش، کوچنگ سینٹروں اور سرکاری تقریبات کے اہتمام سے کووڈ کا پھیلاﺅ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ صرفا سکولوں میں ہی کسی حد تک ایس او پیز پر عملدرآمد ہوتا۔ اس کے علاوہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں پہلے سے ہی مڈل اسکولوں میں بچوں کی تعداد قلیل ہوتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صرف اسکولوں کو بند کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ کوچنگ سینٹروں، سرکاری دفاتر، سرکاری تقریبات، پارکوں اور سیاحتی مقامات پر کسی بھی قسم کی سماجی دوری یا دیگر ایس او پیز کا اہتمام نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور نا اہلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے لیکن ابھی تک لکھن پور اور قاضی گنڈ میں کسی بھی قسم کے تشخیصی سینٹر کا قیام نہیں کیا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ زمینی راستے سے ٹیسٹنگ کے بغیر ہی جموں و کشمیر میں داخل ہو رہے ہیں۔