’پلیز، میرے پاپا کو چھوڑدو‘، چھتیس گڑھ نکسلی حملہ میں لاپتہ کوبرا کمانڈو کی 5 سالہ بیٹی کی اپیل
کمانڈو کی اہلیہ مینو نے کہا کہ ان کے شوہر نے ملک کی 10 سال تک خدمت کی ہے اور اب حکومت کی باری ہے کہ وہ انہیں محفوظ واپس لائے۔
رائے پور: چھتیس گڑھ نکسلی حملہ میں مبینہ طور پر اغوا ہو چکے ایک کوبرا کمانڈو کی پانچ سالہ بیٹی نے اپنے والد کو آزاد کرنے کی اپیل کی ہے۔ بچی کی جاری ہونے والی ویڈیو میں وہ روتے ہوئے کہہ رہی ہے، ’’پلیز میرے پاپا کو چھوڑ دیجیے۔‘ سی آر پی ایف (سینٹرل ریزرو پولیس فورس) کے کمانڈو راکیشور منہاس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حملہ کے بعد سے ان سے رابطہ ممکن نہیں ہو پایا۔ خیال رہے کہ نکسلیوں کی جانب سے کیے گئے اس حملہ میں 22 جوان شہید ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ان کی اہلیہ مینو نے جموں میں واقع اپنے گھر پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں نیوز چینل سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ وہ لاپتہ ہیں۔ حکومت اور سی آر پی ایف میں سے کسی نے بھی واقع کی معلومات فراہم نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ جموں میں واقع سی آر پی ایف کے صدر دفتر سے انہوں نے منہاس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ مینو نے کہا کہ ’’مجھے وہاں سے بتایا گیا کہ وہ مجھ سے کسی بھی معلومات کا اشتراک نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تصویر صاف ہونے کے بعد ہی وہ کچھ بتا پائیں گے۔
مینو نے کہا کہ ان کے شوہر نے ملک کی 10 سال تک خدمت کی ہے اور اب حکومت کی باری ہے کہ وہ انہیں محفوظ واپس لائے۔ مینو نے بتایا کہ انہوں نے گورنر منوج سنہا سے یہ معاملہ مرکزی حکومت کے سامنے اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ اور ان سے یہ گزارش کی ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے میرے شوہر کو بحفاظت بازیاب کرانے کے لئے کہیں۔
قبل ازیں، پیر کے روز سینئر پولیس عہدیداروں نے بتایا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ کمانڈو کا نکسلیوں نے اغوا کر لیا ہو۔ بستر کے آئی جی پی سندر راج نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ’’ایک دستہ جوان کو بازیاب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ انہیں نکسلیوں نے اغوا کر لیا ہے۔ ممکنہ طور پر یہ بات سچ ہو سکتی ہے۔ ہم معلومات کی تصدیق کریں گے اور انہیں بحفاظت بازیاب کرانے کے لئے ضروری اقدام اٹھائیں گے۔