بیدر: شعبہٴ خواتین جماعت اسلامی ہند کے زیراہتمام عالمی یوم خواتین کا انعقاد
بیدر: 17/مارچ (پی ار) بیدر میں جماعت اسلامی ہند شعبہٴ خواتین کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے موقع پر پر شہر کے ملٹی روز ٹیلنٹ اسکول میں ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کے مہمانان خصوصی میں محترمہ کستوری ایس، کماری کویتاہوشیارے، محترمہ رقیہ، محترمہ توحید سندھے، مممتاز بیگم شامل رہے۔ اس موقعہ پر محترمہ عشرت بیگم و دیگر مہمانان کو تہنیت پیش کی گئی۔
محترمہ کستوری ایس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساری دنیا میں 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین منایا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں مردوں کو خواتین کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور لوگوں میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لئے ترغیب دینا اور بیداری لانا ہے۔ موجودہ معاشرے میں مردوں کے مقابلے میں عورتوں کو بہت کم درجہ یا اہمیت دی جاتی ہے، یہ صنفی امتیاز کسی بھی سماج بلخصوص عورت کے لیے قابلِ قبول نہیں ہے۔ خطاب میں انہوں نے عورتوں کو ہر فیلڈ/ شعبے میں آگے آنے کی ضرورت پر زور دیا۔
محترمہ کماری کویتاہوشیارے نے اپنے خطاب میں بتایا کہ عورتوں کو اپنے حق کے لیے لڑنا ہوگا اور جس سماج کی عورتیں باہمت رہیں گی وہ سماج آگے بڑھے گا اور سماج میں بڑھتے ہوئے جرائم اسی وقت کم ہو سکتے ہیں بشرطیکہ خواتین اس بات کا ارادہ کر لیں کہ وہ جرائم کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں گی اور اپنی آواز اٹھائیں گی اور اس سلسلے میں سماجی بیداری کا کام بھی کی کرنے کا عزم کرنے پر زور دیا۔ مزید انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں مردوں کی تعداد عورتوں کی بہ نسبت زیادہ ہے اور عورت کے ساتھ ناروا سلوک کرتا/ہوتا ہے تو اس پر عورت کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے بلکہ اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔
اختتامی خطاب میں محترمہ ڈاکٹر سالکہ کوثر نے اسلامی نقطہ نظر سے عورت کی اہمیت کو واضح کیا اور بتایا کہ اس دنیا میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم جو دین لے کر آئے ہیں اس نے عورت کو ایسے بلند مقام پر پہنچایا ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، لڑکی کی پیدائش اور اس کی پرورش کرنے والے کو جنت کا مستحق قرار دیا گیا ہے اور اگر وہ اس پر نظر ڈالیں تو مرد کو اس کا ولی سرپرست بنادیا گیا ہے عورت کو گھر کی پوری ذمہ داری دے کر ایک باعزت مقام دیا گیا ہے اور عورت اعلی تعلیم حاصل کر کے نہ صرف اپنے اہل و عیال کی اصلاح اور بہتری کے کام انجام دے سکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک و ملت کی اصلاح و ترقی کا کام بھی کر سکتی ہے۔
محترمہ صبیحہ خانم ناظمہ شعبہٴ خواتین جماعت اسلامی ہند، بیدر نے افتتاحی کلمات پیش کیے، جبکہ نظامت کی ذمہ داری صفورہ فاطمہ نے انجام دی۔ عالیہ ابوبکر کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا، تشکری کلمات پر اختتام کو پہنچا۔