بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کوشل کشور کی بہو نے کاٹی ہاتھ کی نسیں
انکیتا نے کہا کہ انہیں پولیس انتظامیہ پر اعتماد نہیں ہے۔ اس معاملے میں اس کی سنوائی نہیں ہو رہی ہے، اسی لئے اس نے یہ قدم اٹھایا
لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے موہن لال گنج سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ کوشل کشور کے خانگی مناقشے کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور اب ان کی بہو انکیتا نے اپنے ہاتھ کی نس کاٹ کر خود کشی کی کوشش کی ہے۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دی کہ انکیتا نے گزشتہ شب اپنے ہاتھ کی نسیں کاٹنے سے قبل ایک ویڈیو جاری کیا تھا، جس میں اس نے اپنے شوہر آیوش کشور اور اس کے والدین پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ انکیتا اسکوٹی سے دوبگا میں واقع کوشل کشور کے گھر پہنچی اور ہاتھ کی نسیں کاٹ لیں۔ رگ کٹنے سے پہلے وائرل ویڈیو کے بعد کاکوری پولیس انکیتا کی تلاش کر رہی تھی۔ ہاتھ کی نسیں کاٹنے کے بعد پولیس نے انکیتا کو سول اسپتال میں داخل کرایا۔
اسپتال میں انکیتا کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت ٹھیک ہے۔ اسپتال میں انکیتا نے اپنے شوہر آیوش اور اس کے والدین پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انکیتا نے کہا کہ انہیں پولیس انتظامیہ پر اعتماد نہیں ہے۔ اس معاملے میں اس کی سنوائی نہیں ہو رہی ہے، اسی لئے اس نے یہ قدم اٹھایا۔ قابل غور ہے کہ رگ کاٹنے سے چند گھنٹے قبل انکیتا کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں اس نے روتے ہوئے آیوش کشور اوراس کے اہل خانہ پر یہ کہتے ہوئے سنگین الزام لگایا اور اپنی جان دینے کی بات کر رہی تھی۔ انکیتا نے یہ بھی کہا کہ آیوش نے اس کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔
انکیتا نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’’میں کسی سے لڑ نہیں سکتی، کیونکہ تمہارے پاپا رکن پارلیمنٹ اور ماں ممبر اسمبلی ہیں، کوئی بھی میری بات نہیں سنے گا، میں نے آج تک کسی کو تمہیں ہاتھ نہیں لگانے دیا، تو میں تمہیں کیسے مار سکتی ہوں، تم کتنا جھوٹ بول رہے ہو، تم نے اور تمہارے گھر والوں نے مجھے جینے کے لئے نہیں چھوڑا‘‘۔ ویڈیو میں انکیتا کا مزید کہنا تھا کہ اس نے گھر کا کرایہ ادا نہیں کیا، گیس سلنڈر نہیں بھرے، ایک بار بھی نہیں سوچا کہ میں کیا کھاؤں گی۔ اگر تم میرے پاس نہیں آؤگے تو مجھے زندہ رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں جا رہی ہوں، میں جا رہی ہوں اور تم مجھے یاد رکھو گے اور یہ سوچو گے کہ مجھ سے زیادہ چاہنے والا تمہیں اور نہیں ملے گا۔ میری موت کی وجہ تم ہو اور تمہارے گھر والے ہیں، میں جا رہی ہوں۔
اس سے قبل آیوش کشور نے ایک ویڈیو جاری کیا تھا اور اپنی اہلیہ پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ اس نے ویڈیو میں صفائی دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ انکیتا سنگھ نے ان کو پھنسایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سرینڈر کردے گا۔ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔ اس نے خود پر گولی نہیں چلوائی۔ اگر وہ اس دن گھر میں ہوتا تو اسے قتل کر دیا جاتا۔ آیوش کشور اتوار کے روز خود مڈیاواں پولیس اسٹیشن پہنچا اور بیان ریکارڈ کرایا۔ آیوش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلحہ ان کے دوست چندن گپتا نے انہیں دیا تھا۔ آیوش نے آدرش اور اس کی بہن پر بھی سازش رچنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور ہیں۔
دوسری جانب مڈیاواں تھانے کے انچارج انسپکٹر منوج سنگھ کے مطابق گزشتہ روزتقریباً ڈھائی گھنٹے تک آیوش سے پوچھ گچھ کی گئی۔ آج یعنی پیر کو پوچھ گچھ کے لئے آیوش کو پھر طلب کیا گیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ واسمبلی کے بیٹے کے خلاف خود پر فائرنگ کرکے سازش اور دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔
قابل غور ہے کہ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کوشل کشور کے بیٹے آیوش کشورنے انکیتا سے لو میرج کی تھی اور اس کے والدین اس شادی سے خوش نہیں تھے۔ اسی لئے اس نے اپنی اہلیہ کے ساتھ کرایہ کے مکان میں رہنا شروع کر دیا۔ حال ہی میں آیوش پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس معاملہ میں پولیس نے آیوش کے سالے کو گرفتار کیا تھا۔ انکیتا نے اس معاملہ میں اپنے شوہر آیوش اور اس کے کنبہ کے نارکو ٹسٹ کے مطالبہ کے ساتھ ہی پورے معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔