مہاراشٹرا: ہنگولی میں 7 روزہ کرفیو نافذ
ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق ضلع ہنگولی میں دیہی اور شہری علاقوں میں یکم مارچ کی صبح 7 بجے سے کرفیو نافذ ہوگا اور 7 مارچ کی رات 12 بجے تک نافذ رہے گا۔
ہنگولی: مہاراشٹر اور ہنگولی ضلع میں عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے چیرمین روپیش جئے ونشی نے سات روزہ کرفیو نافذ کردیا ہے، جو پیر کی صبح سات بجے سے نافذ ہو گیا۔
ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق ضلع ہنگولی میں دیہی اور شہری علاقوں میں یکم مارچ کی صبح 7 بجے سے کرفیو نافذ ہوگا اور 7 مارچ کی رات 12 بجے تک نافذ رہے گا۔ اس دوران، تمام اداروں، دکانوں اور کینٹینوں میں ہر قسم کی آمدو رفت (شخص/گاڑی) پر پابندی رہے گی۔
تاہم اس دوران دودھ فروشوں کو صبح 9 بجے سے شام تک کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر میں کام کاج جاری رہے گا۔ اسی کے ساتھ ہی تمام عبادت گاہیں، مذہبی مقامات، تمام اسکول، کالج اور میرج ہال اور لان بند رہیں گے۔ ادویات کی دکانوں کو اس دوران کھولنے کی اجازت دی گئی۔ اسی کے ساتھ ہی صحافیوں کو دفتر آنے اور رپورٹنگ کرنے کی اجازت ہوگی۔