پیٹرول ڈیزل کے ساتھ ساتھ اب حکومت نے ٹرینوں کے کرایہ میں بھی کیا اضافہ
انڈین ریلوے نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اور کچھ ریاستوں میں اس کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں بڑھے کرایوں کو ٹرینوں میں بھیڑ کو کم کرنے کے اقدام کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
نئی دہلی: ہندوستانی ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ریلوے کے جاری کردہ بیان کے مطابق مختصر فاصلے والی ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ریلوے نے کرایے میں اضافے کے پیچھے یہ دلیل دی ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے کرایہ میں اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ ٹرینوں میں زیادہ لوگ سوار نہ ہوں! ریلوے کے کرایے میں اضافے کا سب سے زیادہ اثر 30-40 کلومیٹر تک سفر کرنے والے مسافروں پر پڑے گا۔
ریلوے نے کہا ہے کہ کرایوں میں اضافہ کا اثر صرف 3 فیصد ٹرینوں پر ہوگا۔ انڈین ریلوے نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اور کچھ ریاستوں میں اس کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں بڑھے ہوئے کرایوں کو ٹرینوں میں بھیڑ کو کم کرنے کے اقدام کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ریلوے کے مطابق ’ریلوے کو پہلے ہی ہر مسافر کے سفر پر بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے، کیونکہ ٹکٹوں پر بھاری سبسڈی دی جاتی ہے۔‘
ریلوے کے مطابق کرایوں میں اضافہ کا فیصلہ یکساں فاصلے پر چلنے والی میل یا ایکسپریس ٹرینوں کے کرایہ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یعنی اب مسافروں کو مختصر سفر کے لئے بھی میل یا ایکسپریس کے مساوی کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ ایسی صورتحال میں اب 30 سے 40 کلومیٹر سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے انڈین ریلوے کو 22 مارچ 2020 سے ٹرینوں کی آمد و رفت کو روکنا پڑا تھا۔
اس وقت مجموعی طور پر 1250 میل / ایکسپریس، 5350 مضافاتی ٹرین خدمات اور 326 سے زیادہ مسافر ٹرینیں روزانہ چل رہی ہیں اور مختصر فاصلاتی مسافر ٹرینوں کا حصہ کل ٹرینوں کے 3 فیصد سے بھی کم ہے۔ اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں بھیڑ پر قابو پانے کے لئے، کووڈ سے پہلے کے مقابلے میں مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں قدرے اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی دیکھ بھال پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔