ممبر آف پارلیمنٹ کی ممبئی میں لٹکی ملی لاش!
پولیس نے ایک خودکشی نوٹ برآمد کیاہے، لیکن اس کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ پولیس پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ڈیلکر کب اور کیوں ممبئی پہونچے تھے اور وہ شہر میں کن افراد کے رابطے میں تھے۔
ممبئی: مرکزی حکومت کے ماتحت آنے والے دادرا اور نگر حویلی علاقے سے تعلق رکھنے والے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ موہن ایس ڈیلکر پیر کی صبح ممبئی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے۔ سرکاری ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان کی لاش کمرے میں لٹکی پائی گئی۔ 58 سالہ ڈیلکر ہندوستانی نوشکتی پارٹی سے منسلک تھے اور کسان تھے۔ ابتدائی رپورٹ میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈیلکر نے خودکشی کی ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق موہن ایس ڈیلکر ممبئی کی تفریح گاہ مرین ڈرائیو پر واقع سی گرین ہوٹل میں مقیم تھے۔ آج صبح ان کی لاش ہوٹل کے کمرے میں لٹکی پائی گئی۔ پولیس نے مقام واردات سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد کیاہے، لیکن اس کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔ پولیس اس پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ وہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ڈیلکر کب اور کیوں ممبئی پہونچے تھے اور وہ شہر میں کن افراد کے رابطے میں تھے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔