فسطائی اورفرقہ پرست قوتوں سے دستور، جمہوریت، اقلیتوں کے حقوق کوسنگین خطرہ
پاپولر فرنٹ جمہوریت کی بقاء دستور کے تحفظ،مسلمانوں،دلتوں،پسماندہ طبقات میں حوصلہ پیداکرنے کیلئے کوشاں
منگلور: 18/فروری (پی آر) پاپولرفرنٹ آف انڈیا،ہرطرح کی قربانی دینے کے لئے تیار جاں نثار رضاکاروں کی عوامی سماجی تحریک ہے جونتائج کی پرواہ کئے بغیر ظلم وزیادتی اورآمریت کے خلاف جہدمسلسل کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انیس احمد قومی جنرل سیکریٹری پاپولرفرنٹ آف انڈیا نے کیاہے۔وہ آج دوپہر منگلور کے الال میں پاپولرفرنٹ کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام کاافتتاح کرنے کے بعد پاپولر فرنٹ کے عہدیداران کارکنان کے علاوہ عوام کے زبردست اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔
انیس احمد نے مزیدکہاکہ پاپولرفرنٹ ملک کی تمام بڑی ریاستوں میں زمینی سطح پر اپنی موجودگی کا احساس دلاچکی ہے۔وہ مسلمانوں کوڈر اورخوف کے ماحول سے باہرنکالنے،سماج کے دبے کچلے پسماندہ طبقات کومستحکم بنانے کے لئے مسلسل کوشش کررہی ہے۔ظلم وناانصافی،فاشزم،فرقہ پرستی کے خلاف سماج کے تمام طبقات کومتحد ومنظم کرنا پاپولرفرنٹ کاایجنڈہ ہے۔انیس احمد نے اس بات پر گہری تشویش کااظہار کیاکہ ملک میں فرقہ پرست اورفاشسٹ طاقتوں کو غلبہ حاصل ہواہے اوران کی جانب سے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جن سے دستور،جمہوریت، اقلیتوں دلتوں، کسانوں اورپسماندہ طبقات کے حقوق اورمذہبی آزادی کوسنگین خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاپولرفرنٹ آرایس ایس کے فسطائی نظریہ کے خلاف پوری بیباکی جرات سے آواز بلند کررہی ہے۔مرکزکی بی جے پی حکومت، ای ڈی، این آئی اے، ایس ٹی ایف، یوپی اے جیسی تفتیشی ایجنسیوں اورانکم ٹیکس محکمہ کاغلط استعمال کرتے ہوئے پاپولرفرنٹ کوخائف کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن پاپولر فرنٹ ملک کی واحدتنظیم ہے جواس طرح کی کارروائیوں کاڈٹ کر سامناکیا اوریہ ایجنسیاں پاپولرفرنٹ کاکچھ نہیں بگاڑسکیں۔
انیس احمد نے مزیدکہاکہ بھیماکورے گاؤں احتجاج، سی اے اے، این آر سی احتجاج کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی گئی اوراب کسانوں کے احتجاج کوکچلنے کے لئے انہیں خالصتانی،پاکستانی نکسلی قراردیاجارہاہے۔انیس احمد نے مزیدکہاکہ ملک کی نام نہاد سیکولر جماعتیں اور نام نہاد مسلم دانشوران آرایس ایس کے فسطائی نظریہ کی مخالفت کرنے میں مصلحت پسندی عافیت پسندی سے کام لے رہے ہیں۔انہوں نے ملک میں جمہوریت کی برقراری،دستوراورقانون کی بالادستی کوبنائے رکھنے کے لئے تمام جماعتوں کوآگے آنے اور عوام کوپاپولرفرنٹ کی بھرپورحمایت کرنے پرزوردیا۔انیس احمد نے مزیدکہاکہ ملک میں کوئی ہندومسلم تنازعہ نہیں ہے۔یہ تومیڈیا کی اختراع ہے اصل میں آر ایس ایس بمقابلہ مسلمان تنازعہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں فرقہ پرستی سے سنگین خطرہ صرف مسلمانوں کوہے اس لئے مسلمانوں کوفرقہ پرستی کامقابلہ کرنے کے لئے متحد ومنظم ہونے کی ضرورت ہے۔انیس احمد نے مزیدکہاکہ آرایس ایس کورام مندر سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔پہلے رام مندر کے نام پر اوراب رام مندر کی تعمیر کے لئے عطیہ کی وصولی پر فسادات بھڑکائے جارہے ہیں۔انہوں نے مسلم تاجرین اورسرمایہ داروں سے اپیل کی کہ وہ رام مندر کی تعمیر کے لئے عطیہ ہرگز نہ دیں کیوں کہ رام کانہیں آرایس ایس کامندرتعمیر ہورہاہے۔انیس احمد نے مزیدکہاکہ پولیو،کورونا کے لئے ٹیکے ایجاد کئے گئے ہیں لیکن پاپولرفرنٹ فرقہ پرستی اورفاشزم کیخلاف ٹیکہ کاکام کررہی ہے۔جلسہ کاآغاز علامہ اقبال کے ترانے سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا سے ہوا۔ جلسہ کی صدارت یاسرحسن ریاستی صدرپاپولر فرنٹ نے کی۔
انہوں نے اپنی صداتی تقریر میں کہاکہ گذشتہ 25سالوں سے پاپولرفرنٹ فرقہ پرستی کوملک کے لئے بیروزگاری، فاقہ کشی، ناخواندگی سے زیادہ سنگین مسئلہ بتاتی رہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے موجودہ حالات میں اپوزیشن پارٹیاں اپناوجود کھوچکی ہیں۔اپوزیشن ہے لیکن حکومت کی آمرانہ جابرانہ اورخانگیانے کی پالیسیوں کی کوئی مخالفت نہیں ہورہی ہے۔یاسرحسن نے مزیدکہاکہ ملک کے دستور اورجمہوریت کے تحفظ،مساوات، امن، زندہ رہنے کے حق کی برقراری کے لئے منظم وفیصلہ کن جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔آنند میتھوبائیل ریاستی لیڈر ایس ڈی پی آئی نے کہاکہ پی ایف آئی کیڈر کامارچ صرف قدم بڑھانا نہیں ہے بلکہ ہرمظلوم کی آوازہے۔انہوں نے کہاکہ پی ایف آئی اب عوام کی آواز بن چکی ہے اوروہ سماجی انصاف کی لڑائی لڑرہی ہے۔شافی بیلارنے ریاستی قائدپی ایف آئی نے کہاکہ آر ایس ایس ملک کی سالمیت کے لئے سنگین خطرہ ہے اور اس کانظریہ نہایت خطرناک ہے۔انہوں نے کہاکہ پاپولرفرنٹ کاایجنڈہ فرقہ پرست اورفاشست نظریات کوختم کرناہے۔
اعجاز احمدضلعی صدرپی ایف آئی منگلور نے خیرمقدم کرتے ہوئے بتایاکہ 17فروری 2007میں پاپولرفرنٹ تشکیل پائی۔ہرسال 17ستمبر کوپاپولرفرنٹ کایوم تاسیس منایاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ اس سال پی ایف آئی کایوم تاسیس ملک کے لئے پاپولرفرنٹ کاساتھ،نعرہ کے ساتھ منایاجارہاہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاپولرفرنٹ سماجی انصاف،تعلیمی تقویت،کمیونٹی ڈیولپمنٹ،آفات سماوی میں راحت رسانی، قانونی دفاع، حفاظت خوداختیاری،عوامی تحفظ، اورفسطائی وفرقہ پرست قوتوں کامقابلہ جیسے مختلف فوکس ایریا پرمنصوبہ بندی کے ساتھ کام کرتی ہے۔
یوم تاسیس کے موقع پر آج دوپہر 2-30بجے الال کے رانی ابکا سرکل سے پی ایف آئی کے کیڈرس نے یونٹی مارچ نکالا۔یونٹی مارچ ومتوکیرے کے انیل کمپاؤنڈ میدان میں پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا۔فادر ولیم مارٹسس عیسائی مذہبی رہنما اڑپی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلسہ عام میں شرکت کی۔ایوب اگنی ڈی ایچ کے قادر نائب صدرپی ایف آئی کرناٹک، مجید تھمبے سیکریٹری پی ایف آئی کرناٹک،رزاق الال، دکھشن کنڑا کانگریس لیڈر،فیروز الال صدرانتظامی کمیٹی توحیدمسجد الال، اے کے اشرف سیکریٹری پی ایف آئی کرناٹک شہ نشین پر موجودتھے۔