گجرات چیف منسٹر روپانی تقریر کرتے کرتے ہوئے بے ہوش، اسپتال میں داخل
وڈودرا کے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے گجرات کے وزیر اعلی بیہوش ہوگئے اور ان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔
گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی کی کل اچانک طبیعت خراب ہوگئی اور ان کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ اسپتال کے ذمہ داران کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے۔ واضح رہے کل یعنی اتوار کی شام کو وزیر اعلی وڈودرا کے نظام پورا علاقہ میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے جب ان کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی اور وہ خطاب کرتے کرتے بیہوش ہوگئے۔ اسٹیج پر موجود جوانوں نے ان کو فوراً سنبھالا اور ان کو احمد آباد کے مہتا اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی طبیعت اب ٹھیک ہے۔
اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آر کے پٹیل نے کہا کہ ’’وزیر اعلی وجے روپانی وڈودرا کے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران اسٹیج پر بیہوش ہو گئے تھے، لیکن اب ان کی صحت پوری طرح ٹھیک ہے اور انہیں 24 گھنٹے کی نگرانی میں رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی کی تمام رپورٹیں پوری طرح ٹھیک ہیں۔‘‘
واضح رہے 21 فروری کو بلدیاتی انتخابات کے تعلق سے وہ عوامی جلسوں میں شریک ہو رہے ہیں اور وہ اسی تعلق سے وڈودرا بھی گئے تھے۔ جس وقت ان کی طبیعت خراب ہوئی اس وقت وہ نظام پورا کے عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ واضح رہے جب روپانی کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ اسٹیج پر گر نے لگے تو وہاں موجود سلامتی دستوں کے جوانوں نے ان کو سنبھال لیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے فون کر کے وزیر اعلی کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا اور انہوں نے وزیر اعلی روپانی کو آرام کرنے کا مشورہ دیا۔