علاقہ کلیان کرناٹککرناٹک کے اضلاع سے

گلبرگہ میں کے بی این چیمپئنز ٹرافی ٹی 20 کرکٹ میاچس کا شاندار آغاز

پراوین کی جارحانہ سنچری،عمران خان کا شاندار آل راؤنڈ مظاہرہ،لیجنڈس اور ٹائیگرس کی جیت

گلبرگہ: 10/فروری (ایچ ایس) علاقہ کلیان کرناٹک میں کرکٹ کو فروغ دینے او رنوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو اجاگر کرنے اور اس خطہسے قومی و بین الاقوامی سطح کے کرکٹ کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے مقصد سے تشکیل شدہ خواجہ بندہ نواز کرکٹ اکاڈمی گلبرگہ اپنے فرائض کو گزشتہ ایک دہائی سے کافی دلجمعی سے ادا کررہی ہے۔امسال اکاڈمی نے خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی،ایم ایس بی اور کے بی این یونیورسٹی کے تعاون سے کے بی این چیمپئنز ٹرافی ٹی 20کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس ٹورنامنٹ میں جملہ 8ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔کے بی این چمپئینس ٹرافی کے میاچس سے متعلق یہ رپورٹ کرکٹ اور کراٹے کے دلدادہ ممتاز محب اردو ڈاکٹر اطہر معز نے پیش کی ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ کے بی این سی ٹی کا پہلا میچ فالکان اور لیجنڈ کے مابین کھیلا گیا۔ٹاس جی سی سی فالکان نے جیتا اور انھوں نے پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ان کے فیصلے کو لیجنڈ کے عمران خان اور مہیش جادھو نے پہلی وکٹ کی شراکت میں بہترین بلے بازی کی اور اپنی ٹیم کو ایک قابل قدر اسکور تک پہنچا یا۔تیز گیند بازوں کی اچھی طرح پٹائی ہونے کے بعد فالکان کے کپتان نے اسپنرس کی مددلی اور ان کا یہ فیصلہ صحیح ثابت ہوا اور پہلے مہیش جادھو اور اس کے بعد خطرناک کھلاڑی اویناش ڈی جلدی آؤٹ ہوئے اور عمران خان  اور پرتییش انجلے نے کچھ تعاون دیا مگر وہ بھی کچھ خاص نہیں کر سکے۔ٹیم کا اسکور پندرہویں اوور میں 100رنوں تک جاپہنچا۔مڈل آرڈر میں شیخ عامر نے چند بڑے شاٹس کھیلے اور تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں لانگ آن پر کیچ دے بیٹھے۔بیسویں اوور کی آخری گیند پر لیجنڈس کا آخری کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا اور اس طرح پوری ٹیم 138رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔کپتان سعید جاگیر دار نے تین وکٹ لیے اور رویندر سنگھ نے نپی تلی گیند بازی کی اور انھوں نے اس ٹورنامنٹ کا پہلا میڈن اوور بھی ڈالا اور دس رنز دے کر انھوں نے ایک قیمتی وکٹ حاصل کیا۔

فالکان کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے دھن ون کلکرنی اور وینکٹیش پوار آئے۔دھن ونت کلکرنی نے بہترین شاٹس کھیلے اور کارتک کے ایک اوور میں انھوں نے تین مسلسل چوکے لگائے جو انتہائی خوبصورت تھے۔وینکٹیش پوار کو اویناش نے اپنی ایک گیند پر وکٹ کے پیچھے آؤٹ کروایا۔چھٹے اوور کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 38رنز پرجا پہنچا اور اس کا ایک کھلاڑی اآؤٹ ہوا تھا۔لیکن نویں اوور کے آتے آتے ٹیم کے چار اہم کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور اس طرح فالکان کی گرفت میچ کر کمزور ہوگئی۔لیجنڈس کے کھلاڑیوں نے بہترین گیند بازی کی اور اس طرح پے در پے وکٹوں نے فالکان کو بیک فٹ پر لا کھڑا کیا۔کلکرنی کو چھوڑ کر کسی بھی کھلاڑی نے متاثر نہیں کیا۔پوار،ابھی،کپتان سعید جلدی ہی آؤٹ ہوگئے۔کیدار ناتھ او ررویندر سنگھ کی شراکت 28رنوں کی ہوئی اور اسے فاروق نے اس وقت توڑ دیا جب کیدار ناتھ کو انھوں نے عمران خان کے ہاتھو ں کیچ آؤٹ کروایا۔اسی اوور میں عرفان  بھی لان آن پر لمبا شاٹ کھلینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔اس طرح 78کے مجموعی اسکور پر فالکان کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

ذیشان احمد نے آخری اوورس میں کچھ اچھی کوشش کی مگر عمران خان نے اپنے سترہویں اوور میں دو مسلسل وکٹیں لیں اور اس طر ح فالکان کو بیک فٹ پر لا کھڑا کردیا۔عمران خان کے اسپیل کے آخری اوور  میں مسلسل دو گیندوں پر لانگ آن پر حبیب نے اور مڈ وکٹ پر مہیش جادھو نے کیچز ڈرا پ کیے مگر انھوں نے اپنے اوور کی چوتھی گیند پر بلے باز کو بولڈ کر دیا اور اس طرح اس میچ کو لیجنڈس نے بہ آسانی 24رنوں سے جیت لیا جب کہ ابھی 8گیندیں باقی تھیں۔سی سی آر فالکان کی پوری ٹیم 115رنز بنا سکی اور آل آؤٹ ہوگئی۔عمران خان کو ان کے آل راؤنڈ مظاہرے پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ جے سی سی یونائیٹیڈ کا مقابلہ کے سی ٹائیگرس کا مقابلہ دوپہر سے شروع ہوا۔یونائیٹیڈ کے کپتان سید عبدالغنی نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ٹائیگرس کی اننگز کا آغاز پراوین اور سورو نے کیا۔یہ میچ پراوین کی بہترین یادگار سنچری کی بنا پر عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔پراوین نے اٹھارویں اوور میں تھرڈ مین کی جانب کٹ شاٹ کھیل کر باؤنڈری لگائی اور اپنی سنچری مکمل کی اس طرح کے بی این سی ٹی میں بننے والی یہ پہلی سنچری رہی۔پراوین نے میدان کے چاروں طرف خوبصورت شاٹس لگائے۔انھوں نے اپنی ۳۳۱رنوں کی اننگز میں گیارہ چھکے اور دس چوکے لگائے۔انھوں نے یونائیٹیڈ کے تمام گیند بازوں کی خوب پٹائی کی اور چاروں طرف خوبصورت شاٹس لگائے ان کا ساتھ سورو نے کافی خوبی سے نبھایا۔ٹائیگرس نے مقررہ بیس اوورس میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو سو تیرہ رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا۔پراوین دے شیٹی ایک سو تینتیس رنوں کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

گنیش گورمے کا پہلا اوور کافی مہنگا رہا او راس اوور میں ٹائیگرس نے 18رنز بنائے۔دونوں بلے بازوں نے بہترین بلے بازی کی اور پانچ اوورس میں ٹیم کے اسکور کو 50کے پار پہنچا دیا اور پہلی وکٹ کے لیے اس ٹورنامنٹ کی ریکارڈ پارٹنر شپ کی۔ٹاس جیت کے بلے بازی کا فیصلہ کپتان عبدالغنی کو مہنگا پڑا۔پراوین شیٹی نے اس ٹورنامنٹ کی پہلی نصف سنچری صرف 30گیندوں میں بنائی۔اس اننگز میں انھوں نے پانچ چوکے اور تین خوبصورت چھکے لگائے۔گیارہویں اوور میں ٹائیگرس کا اسکور 100رنز پر جاپہنچا۔شیٹی اور سورو نے بہترین بلے باز ی کی اور میدان کے چاروں طرف دونوں بلے بازوں نے بہترین شاٹس لگائے۔پراوین دے شیٹی نے لگاتار بہترین شاٹس لگائے اور تیز رفتاری سے بلے بازی کی۔دنوں بلے بازوں نے ا س طرح پہلی وکٹ کے لیے ریکارڈ سنچری پارٹنر شپ کی۔فیاض الدین قادری نے بالآخرٹیم کو پہلا وکٹ دلایا جب انھوں نے سورو متور کو اسکوائر لیگ باؤنڈری پر کھڑے کھلاڑی سچن راتھوٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ میں ایک سو اکیس رنوں کی شراکت کی۔

متور کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان آصف سکندرمیدان پر آئے۔لیکن وہ کچھ خاص نہیں کر سکے اور لان آن پر فیا ض کے دوسرے اوور میں کیچ تھما بیٹھے اور آوٹ ہوئے۔ان کے بعد منوج چوان میدان پر آئے۔ٹیم کے ایک سو پچاس رنز سترہویں اوور میں بنے۔اٹھارویں اوور میں شرن پاٹل نے راٹھور اور یونس راجہ کے وکٹس حاصل کیے۔سنتوش مٹی تیزی سے رنز بنانے کے چکر میں راجیش کمار کی شاٹ گیند کو کھیلنے کی کوشش میں انھیں کیچ تھما بیٹھے۔متی نے پندرہ رنز بنائے۔دسویں اوور میں یونائیٹیڈ کے سو رنز بنے۔راہل کے تین کیچز چھوڑ دیے گئے۔سورو نے دو اور راجیش نے ایک کیچ چھوڑا جس کا خمیازہ انھیں بھگتنا پڑا۔راہل نے صرف چھبیس گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔پراوین کی گیند پر سونو آؤٹ ہوئے اور اس طرح اٹھتر رنوں کی شراکت کو انھوں نے توڑ دیا۔بعد میں راہل بھی آؤٹ ہوئے۔فیاض الدین اور راٹھور نے تیزی سے کھیلتے ہوئے صرف انتیس گیندوں میں ترسٹھ رنوں کی زبردست شراکت کی۔لیکن سترہویں اوور میں میچ پھر سے ٹائیگرس کے قبضے میں چلا گیا جب پے در پے یونائیٹیڈ نے اپنے تین وکٹس گنوائے۔تاہم کے سی سی ٹائیگرس نے یہ میچ تئیس رنوں سے جیت لیا۔پراوین دے شیٹی کو ان کے شاندار مظاہرے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!