تلنگانہریاستوں سے

مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی کے ہاتھوں محمد اعظم ندوی کی کتاب ”کورونائی ادب“ کا رسم اجراء

بیدر: 8/ فروری(اے این) پیام انسانیت کا سہ ماہی مشاورتی اجلاس منعقدہ مسجد الحسنات نزد ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال واحد نگر ملک پیٹ حیدرآباد میں مولانا محمد اعظم ندوی کی کتاب ”کورونائی ادب“ کی رسم اجراء حضرت مولانا عبد العزیز صاحب بھٹکلی ندوی دامت برکاتہم نائب مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس کتاب کے بارے میں فقیہ العصر حضرت مولاناخالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم نے لکھا کہ اللہ تعالیٰ خوب خوب جزائے خیر عطا فرمائے محب عزیز جناب مولانا محمد اعظم ندوی زادہ اللہ علماًو فضلاً کو کہ انہوں نے لاک ڈاؤن کے درمیان کورونا اور خود لاک ڈاؤن سے متعلق لکھے جانے والے مختلف مضامین اور نظموں کو ایک جگہ مرتب کر دیا ہے۔ جس میں خود ان کی تحریریں اور نظمیں بھی شامل ہیں،

یہ ایک یاد گار کام ہو گیا ہے، اس میں طنز و مزاح کی خوشگوار چبھن بھی ہے اور شعر و ادب کی چاشنی بھی اس لیے یہ مضامین صحیفہ موعظت کہلانے کے مستحق ہیں۔ پروفیسر محسن عثمانی ندوی نے لکھا کہ اردو دنیا میں کورونا کے بارے میں جو ادب تخلیق ہوا محمد اعظم ندوی نے اسے جمع کر لیا، جو خود بھی شاعر و ادیب ہیں، اردو میں بھی لکھتے ہیں اور عربی میں بھی، اردو میں یہ پہلی کتاب ہے جو ”کورونائی ادب“ پر آئی اور اس میں ہندوستان اور پاکستان کی تخلیقات شامل ہیں،

اس کتاب کی تاریخی حیثیت یہ ہوگی کہ آج سے سو سال بعد بھی جو شخص اس کتاب کو پڑھے گا ”پلے بیک“ کی طرح یہ لرزہ خیز واقعہ اوراس کا منظر آنکھوں کے سامنے آجائے گا، امید ہے کہ ادبی حلقوں شوق و ذوق کے ساتھ لی جائے گی۔ اس موقع پرمو لانا سید محمود حسنی ندوی، مولانا سید مجتبیٰ حسین ندوی حال مقیم امریکہ، مولانا محمد تصدق ندوی اور دیگر ابنائے ندوہ اور معززین شہر موجود تھے۔ جلسہ کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا اور حضرت مولانا عبد العزیز صاحب بھٹکلی ندوی کی دعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!