تازہ خبریں

’’ایم ایس پی 2 ریاستوں کے علاوہ نہ تھا، نہ ہے، نہ رہے گا، ملک کو گمراہ نہ کریں حکمران‘‘: کسان لیڈر راکیش ٹکیت

پی ایم مودی کے بیان ’ایم ایس پی تھا، ایم ایس پی ہے، اور ایم ایس پی رہے گا‘ کی راکیش ٹکیت نے کھولی قلعی!

آج راجیہ سبھا میں پی ایم مودی نے کسان تحریک اور نئے زرعی قوانین کے تعلق سے اپنی باتیں کھل کر رکھیں۔ اس درمیان انھوں نے ایم ایس پی کے تعلق سے ایک واضح بیان دیا جس میں کہا کہ ’’ایم ایس پی تھا، ایم ایس پی ہے، اور ایم ایس پی رہے گا‘‘۔ لیکن پی ایم مودی کے اس بیان کی کسان لیڈر اور کسان تحریک کے چہرہ بن چکے راکیش ٹکیت نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ قلعی کھول دی ہے۔

دراصل راکیش ٹکیت نے اپنے ایک تازہ ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ایم ایس پی دو ریاستوں کے علاوہ نہ تھا، نہ ہے، نہ رہے گا۔‘‘ اس جملے سے ظاہر ہے کہ راکیش ٹکیت نے بھلے ہی پی ایم مودی کا نام نہ لیا ہو لیکن صاف کر دیا ہے کہ ایم ایس پی پر قانون بنایا جائے تاکہ پورے ملک میں ایم ایس پی پر اناج کی خریداری ہو۔ حالانکہ راکیش ٹکیت نے یہ نہیں بتایا ہے کہ وہ کون سی دو ریاستیں ہیں جہاں ایم ایس پی ہے۔ اس ٹوئٹ میں راکیش ٹکیت نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ملک کو گمراہ نہ کریں حکمران۔‘‘ گویا کہ انھوں نے پی ایم مودی کے بیان کو گمراہ کن بھی ٹھہرایا ہے۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تقریباً ڈھائی مہینے سے بڑی تعداد میں کسان دہلی بارڈرس پر زرعی قوانین کے خلاف پرامن مظاہرہ کر رہے ہیں۔ان کا مطالبہ صرف ایم ایس پی پر قانون بنانے کو لے کر نہیں ہے بلکہ مودی حکومت کے ذریعہ پاس کردہ تینوں نئے زرعی قوانین کو واپس کرنے کا بھی ہے۔ حکمراں طبقہ لگاتار زرعی قوانین کو کسانوں کے لیے فائدہ مند ٹھہرا رہا ہے، لیکن کسان لیڈران، زراعت سے جڑی متعدد تنظیمیں اور اپوزیشن پارٹیاں ان قوانین کے خلاف کھڑی نظر آ رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!