الیکشن2019تازہ خبریں

دہلی میں بیٹھے لوگ غریبی کو ہرا نہیں سکتے۔غریب ہی غریبی کو شکست دے سکتا ہے: مودی

نئی دہلی،8اپریل(یواین آئی)وزیراعظم نریندرمودی نے آج کہا کہ اقتدار میں آنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی)کی حکومت پانچ برسوں میں ترقی کو عوامی تحریک بناکر آزادی کے 100سال پورے ہونے پر 2047میں ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کےلئے مضبوط بنیاد رکھے گی۔
مسٹر مودی نے آج یہاں پارٹی کے صدر امت شاہ اور دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں لوک سبھا انتخابات کےلئے پارٹی کا انتخابی منشورجاری کرنےکےموقع پر کہا،’’ہمارا’ سنکلپ پتر‘،بہتر حکومت کا منشور،قوم کی حفاظت کا منشور اور قومی کی ترقی اور خوشحالی کا منشور بھی ہے۔‘‘

ملک کو ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن کرنے کےلئے عوامی تحریک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کےلئے صاف صفائی مہم کی طرز پر تحریک چلانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی پرعزم ہے کہ وہ ملک کو خوشحال بنانے کے لئے ،عام لوگوں کو بااختیار بنانے سے لے کر عوامی شراکت کو بڑھاتے ہوئے،جمہوری اصولوں کو فروغ دے گی اور ’ایک مشن ،ایک سمت‘ پر چلتے ہوئے آگے بڑھےگی۔

انہوں نے کہا کہ زبانیں ،زندگی جینے کا معیار اور تعلیم وغیرہ میں رنگا رنگی پائی جاتی ہے، ہندوستانی سماج میں تنوع ہے۔اس لئے ترقی کو کثیر المقاصد بنانے کے منصوبے کو بھی ’سنکلپ پتر‘ میں شامل کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور اقتدار میں بی جےپی حکومت نے عام لوگوں کی ضرورتوں کو توجہ میں رکھ کر حکومت کی ہے۔اب ان کی امیدوں کو پورا کرنے کےلئے کیا کیا جاسکتا ہے اور اس کا خاکہ ’سنکلپ پتر‘میں تیار کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا،’’دہلی میں ایئر کنڈیشن میں بیٹھے لوگ غریبی کو ہرا نہیں سکتے۔غریب ہی غریبی کو شکست دے سکتا ہے۔یہ ہمارا اصول ہے اور اس لئے ہم نے غریبوں کو بااختیار بنانے پر زور دیا ہے۔‘‘وزیراعظم نے کہا کہ گاؤں،غریب اور کسان بی جےپی کی ترجیح میں شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!