کرناٹک میں بلدیاتی انتخابات جلد کروائے جائیں: ایس ڈی پی آئی
میڈیکری: 22/جنوری (پی آر) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کی ریاستی سکریٹریٹ اجلاس پارٹی کے ریاستی صدر عبدالحنان کی صدارت میں ضلع کوڈاگو مڈیکری میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں مندرجہ ذیل قرارد اد منظور کی گئیں۔
1)ریاست کرناٹک کے مختلف حصوں میں کارپوریشن اور بلدیاتی انتخابات ہونے ہیں اور حکومت اسے معمولی وجوہات پر ملتوی کررہی ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ بعض اراکین اسمبلی اور مقامی سیاستدانوں کے مفاد میں حکومت بلدیہ انتخابات کروانے میں تاخیرکررہی ہے۔ ایس ڈی پی آئی حکومت کے اس رویہ کی مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ جلد سے جلد بلدیاتی انتخابات کروائے۔
2) یہ درست نہیں ہے کہ ریاست کرناٹک کی حکومت نے مویشیوں کے تحفظ کے نام پر غیر آئینی قانون گؤ کشی بل 2020لایا ہے۔کچھ ریٹائرڈ ججوں اور سپریم کورٹ کے قانونی ماہرین نے اس بل پر کھلے عام تنقید کی ہے۔ گؤ کشی بل سے کسان معاشی طور پر محروم ہونگے اور غریب لوگ سستے اور غذائیت سے بھر پور کھانا سے محروم رہیں گے۔ لاکھوں خاندان جو مویشیوں کی تجارت اور چمڑوں کے کاروبار میں ہیں وہ خطرے میں ہیں۔ ایس ڈی پی آئی کا مطالبہ ہے کہ آڑڈیننس کے ذریعے لائے گئے اس بل کو ریاستی حکومت فوری طور پر واپس لے۔
3) مغربی گھاٹ میں غریبوں کو زمین کی تقسیم۔ کاروار سے چامراج نگر تک وسیع مغربی گھاٹ کے ساحلی اور اونچائی والے علاقوں میں زمین کی دولت ہے۔ اس زمین پر دولت مند زمینداروں، کارپوریٹ کمپنیوں،ریت مافیا، کان مافیا، اسٹیٹ مافیا اور سیاستدانوں کا غلبہ ہے لیکن کسانوں اور آدی واسیوں جو کئی دہائیوں سے ہل چلارہے ہیں وہ ان زمینوں کے حقدار نہیں ہیں۔
محکمہ جنگلات کے طرف سے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ اس طرح کے امتیازی سلوک کو روکنے کیلئے کم سے کم 5ایکڑ زمین غریبوں اور بے گھروں کو الاٹ کیا جائے۔ ایس ڈی پی آئی گزشتہ پانچ سالوں سے اس علاقے میں زمین اور رہائشی حقوق کی جدوجہد کی حمایت کررہی ہے۔
ایس ڈی پی آئی کا مطالبہ ہے کہ حکومت اس معاملے پر فوری طور پر فیصلہ کرے۔ اس اجلاس میں پارٹی ریاستی جنرل سکریٹریان افسر کوڈلی پیٹ، مجاہد پاشاہ، ریاستی نائب صدر اڈوکیٹ عبدالمجید خان، اشر ف ماچار، ابرار چامراج نگر، اکرم حسن، عبدالرحیم پاٹل اور جلیل کرشنا پورا موجودر ہے۔