سوشیل میڈیا سےفیس بک سے آواز

مثالی جماعت،مثالی عمل

ڈاکٹر طارق ایوبی ندوی

جماعت اسلامی ہند کو اللہ نظر بد سے بچائے۔ اسکی تنظیم و ترتیب اور نظم و نسق واقعی مثالی ہے۔ اس گئے گذریے دور میں بھی اس کا شورائی نظام بے حد طاقتور اور منظم ہے ۔ اسکے زمینی کام بھی زمین پر نظر آتے ہیں ۔

اب ذرا دیکھیے کہ تین میقات تک امیر جماعت رہے معروف عالم دین گرامی قدر مولانا سید جلال الدین عمری صاحب جیسے کہنہ مشق اور تجربہ کار شخص کے بالمقابل ایک جواں سال مفکر بالغ نظر دانشور محترم سید سعادت اللہ حسینی صاحب کو امیر منتخب کر لیا گیا مگر نہ کوئی ہنگامہ ہوا نہ بدتمیزی۔ نہ سازشوں اور افواہوں کا بازار گرم ہوا نہ نیندیں اڑیں اور نہ دشنام طرازی و بہتان تراشی کی پوسٹیں شیئر ہوئیں۔ اللہ دونوں حضرات کی عمریں دراز کرے دونوں کے نفع کو امت کے لیے عام فرمائے ۔ نومنتخب امیر کو مزید متحرک و فعال بنائے اور ان کو جماعت میں نئی روح پھونکنے کی طاقت عطا فرمائے۔

واقعہ یہ ہیکہ اگر نظام چست درست اور مضبوط ہونے کے ساتھ کسی حد تک کارکنان کا دل مناصب کی چاہت۔ خاندان واد کی خواہش سے پاک ہو تو پھر انتشار خود ہی دم توڑ دیا کرتا ہے اور انتشار کی امید کرنے والے اپنی موت خود مر جایا کرتے ہیں۔ اس سلسلہ میں جماعت اسلامی ممتاز ترین تنظیم ہے ۔ خدا مبارک کرے اور اسی پر قائم و دائم رکھے ۔

سچ یہ ہیکہ بڑی بڑی نسبتوں ریاضتوں اور تدین کی ظاہری علامتوں کے باوجود دل مناصب و تسلط کا خواہاں اور استبدادی نظام کا دلدادہ ہوتا ہے۔ ہندستان کے دیگر اداروں ، تنظیموں اور جماعتوں کو اس سلسلہ میں جماعت اسلامی سے سبق سیکھنا چاہیے اور شوری و امارت کے حسین اسلامی امتزاج کو فروغ دینا چاہیے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!