کلمہ طیبہ کا ذکرنے سے ایمان پختہ ہوتا ہے: الحاج محمد ادریس احمد قادری صاحب
درگاہ آستانہ قادریہ بگدل میں ماہانہ حلقہ کا انعقاد،
بیدر: 29/دسمبر(اے ایس ایم) محبت اِلہیٰ، اطاعت حق تعالیٰ اور رسولؐ کی سچی اتباع کی ترغیب حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیر ؒ کا نصب العین تھا۔بندوں کو اللہ تعالیٰ کا سچا فرما بردار، عبادت گزار پر ہیز گار بناکر ان کے مستقبل کو تابناک بنا نے میں اور رسول اللہ ﷺ کی تا بع داری،اطاعت، سنتوں پر عمل پیرائی کا قلبی ذوق پیدا کرکے صالح انقلاب آپؒ نے برپا کیا۔ ان خیالات کا اظہار پیر طریقت ڈاکٹر الحاج خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف نے آستانہ قادریہ میں منعقدہ ماہانہ حلقہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جو شریعت کا پابند نہیں اس پر طریقت،معرفت اور حقیقت کے دروازے کھلنا محال ہی نہیں بلکہ نا ممکن ہے۔
انہوں نے دوران خطاب کہاکہ جس طرح ڈول اور کنویں کے پانی کے درمیان وسیلہ رسی ہوتی ہے اسی طرح کامل پیر اپنے مرید کے لئے خدا اور رسول کے درمیان وسیلہ ہوتے ہیں۔سینے کی صفائی سے حق الیقین پیدا ہوتا ہے اور اس کے بعد علم الیقین پیدا ہوتا ہے عین الیقین ہی صفائی صدر کا ذریعہ ہے۔دل کو ایسا صاف رکھیں جیسے جسم پر لباس کو صاف رکھا جاتا ہے۔دل میں خوف خدا ہوتو دل اور جسم صاف رہتا ہے۔کلمہ طیبہ کا ذکر ہر لمحہ کرنے سے جسم سے گندگی نکل جاتی ہے اور ایمان پختہ ہوتا ہے۔
حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیر ؒ، شاہ سید عبدالقادر ولی گنج سوائی بادشاہ ناگوری ؒ کے گیارہ اسمائے گرامی کا وِرد کرنے سے کاروبار اور مکان میں خیر و برکت آتی ہے۔اللہ کا ذکر ایسا کرو کے وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ حضرت سیدنا عمر ؓ جس گلی و مقام سے گزرتے وہاں سے شیطان بھاگ جاتا ہے۔حضرت محبوب سبحانی ؒ جب لا حول پڑھتے تو شیطان کوسوں دور بھاگ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کو راضی کرنا ہے تو نبی ؐ کو راضی کرو نبی ؐ کو راضی کرنا ہے تو اپنے ماں باپ کو راضی کرو۔ علم دین تم بھی سیکھو اوردوسروں کوبھی سیکھاؤ علم دین سیکھانے سے علم کم نہیں ہوتا بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔راز و نیاز اور حکمتوں کی باتیں کامل پیر ہی کھول کھول کر بتاتے ہیں۔برایوں سے بچنا ہے تو نفیلی عبادتیں کثرت سے کیا کرو۔حضرت سیدنا غوث اعظم دستگیر ؒ، شاہ سید عبدالقادر ولی ؒ کی بیشمار کرامتوں پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علمائے دین، پیر مرشد،بزرگوں،ماں باپ کی خدمت و ادب کے ساتھ ساتھ پانچوں وقتوں کی نمازوں کی پابندی کرنے کی تلقین کرتے ہوئے درس تصوف دیا اور دعائے سلامتی فرمائی۔
محمد لئیق احمد قادری بگدلی اور دیگرشہ نشین پر موجود تھے۔شجر ے عالیہ قادریہ کا وِرد، تلاوت سورۃےٰس و محفل قُل کا انعقاد عمل میں آیا۔مولانا محمد زاہد حُسین رضوی قادری کی قراء ت کلام پاک سے جلسہ کی کاروائی کا آغاز ہوا۔ حافظ محمد شاہ نواز نلدرگ، محمد سلیم قادری ظہیرآباد،طلبہ و طالبات مدرسہ قادریہ سناء فاطمہ،امرین بیگم،صفاء مہرین،زکیہ،حشمت رضا قادری،عمران،شعیب اور دیگر نے حمد، نعت و منقبت کا نذرآنہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔گُلہائے عقیدت، سلام فاتحہ و تقسیم تبرکات عمل میں آئے۔لنگر خانہ قادریہ میں ماہانہ فاتحہ نیاز شریف و ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔