ترکی سے عراق کو بجلی کی ایکسپورٹ آج سے شروع ہوگئی
ترکی نے آج سے عراق کو بجلی کی ایکسپورٹ شروع کر دی۔ جارجیا، بلغاریہ اور یونان کے بعد ترکی عراق کو بجلی ایکسپورٹ کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔ترک انرجی مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے عراق کو بجلی کی برآمدات کی اجازت کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔ عراق اور ترکی کے سرحدی علاقوں میں ٹرانسمشن لائن بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
ترکی کے صوبے شرنک اور عراق کے صوبے زاخو کے درمیان ٹرانسمشن لائن بچھائی گئی ہے۔ زاخو کا صوبہ عراق کے کردستان ریجنل گورنمنٹ کے زیر کنٹرول ہے۔ترک اتھارٹی نے عکسہ ایکسن انرجی کمپنی کو بجلی کی برآمدات کا اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔ترک کمپنی عراق کو 150 میگاواٹ بجلی ایکسپورٹ کرے گی۔ بجلی کی ایکسپورٹ کا معاہدہ یکم نومبر 2021 تک کیا گیا ہے۔ترک انرجی مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ مصطفیٰ یلماز نے کہا کہ ترکی توانائی کے امپورٹ ملک سے اب ایکسپورٹ ملک بن گیا ہے۔
ترکی کے پاس مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد وافر بجلی ہے جو ہمسایہ ممالک کو برآمد کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی ایکسپورٹ کو مزید بڑھایا جائے گا۔ اس وقت ترکی بلغاریہ، جارجیا اور یونان کو پہلے ہی بجلی ایکسپورٹ کر رہا ہے۔ گذشتہ سال ترکی نے ان تین ممالک کو 2.8 ارب کلو واٹ بجلی ایکسپورٹ کی تھی۔اس وقت ترکی میں بجلی کی مجموعی پیداوار 95 ہزار میگاواٹ ہے جس میں سے نصف قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے حاصل کی جاتی ہے۔ ترکی قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے 49 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔ ترکی میں قدرتی گیس سے 25،700 اور کوئلے سے 20،300 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔