حکومت تینوں کسان قانون واپس لے اور MSP کے گیارنٹی کی ضمانت دے: مہاراشٹر جماعت اسلامی
ممبئی: 7/دسمبر (پی آر) گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں کسانوں سے متعلق تین قوانین کو پیش کیا گیا اور بغیر گفتگو کیے محض صوتی ووٹنگ کے ذریعے پاس کرالیا گیا۔ صدر جمہوریہ کے دستخط ہوجانے کے بعد اب انھیں قانونی شکل دیدی گئی ہے ۔حکومت ان قوانین کو کسانوں کے حق میں بنائے گئے قوانین بتانے کی کوشش کررہی ہے، حالانکہ ان قوانین کے مطالعے سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کسانوں کی بجائے کارپوریٹ طبقے کو نفع رسانی کا راستہ ہموار کرتے ہیں۔اور یہی وجہ ہے کہ پورے ملک کے کسانوں میں بے چینی کی لہر پیدا ہوگئی ہے،۔زرعی معیشت کے ماہرین، کسانوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اور کسان اس وقت ملک کی راجدھانی دہلی میں کڑاکے کی سردی کے باوجود ان قوانین کی مخالفت کر رہے ہیں ۔
مرکزی حکومت کے ذریعے کسان مخالف قوانین پاس کیے جانے پر جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر رضوان الرحمٰن خان نے کسانوں کے استحصال پر مبنی ان قوانین کی مخالفت میں کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ ساتھ ہی آپ نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے آندولن کو نظر انداز نہ کریں کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ:
1) حکومت کسان مخالف ان تینوں قوانین کو واپس لے ،اور جمہوری روایات کا لحاظ کرتے ہوئے کسانوں، اپوزیشن کے نمائندوں اور زرعی معیشت سےمتعلق پیشہ ور افراد کی تجاویز پر گفتگو کے بعد ہی کوئی قانون وضع کرے ۔
2- کانٹریکٹ فارمنگ کا جو طریقہ کار نئے منظور شدہ قوانین کے ذریعے متعارف کرایا گیا ہے اسے فوری طور سےمنسوخ کیا جائے ۔
3-ایم ایس پی کی گیارنتی کی ضمانت دیتے ہوئے اے پی ایم سی جیسے سابقہ میکانزم کو برقرار رکھا جائے ۔
4- ضروری اشیاء سے متعلق 1955 کے قانون میں کی گئی ترمیمات کو فوری واپس لیا جائے ۔
5- کسانوں کو مفت بیج ،کھاد اورمالی امداد فراہم کی جانی چاہئے۔
6- کسانوں کو سودسے پاک قرض فراہم کیا جائے۔
7-مہاراشٹر میں کپاس کی فصل کی خریداری حکومت کے ذریعے کریں۔
8)سوامی ناتھن کی رپورٹ کو نافذ کریں
اس کے علاوہ ملک بھر کے کسانوں کے دیگر مطالبات پر بھی حکومت کو سنجیدگی غور کرنا چاہئے۔ جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر یہ محسوس کرتی ہے کہ ان قوانین سے بظاہر کسان متاثر ہوتے نظر آرہے ہیں لیکن ان قوانین سے عام آدمی بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے گا۔ لہذا حکومت ایسے اقدامات سے گریز کریں جو عوام کے مفاد میں نہ ہو۔