دہلی چلو کسان احتجاج: پٹیالہ-امبالہ بارڈر پر جھڑپ، پولیس کا لاٹھی چارج
کسانوں کی آواز سننے کی بجائے بی جے پی حکومت ان پر پانی کی بوچھاڑ مارتی ہے: پرینکا گاندھی
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’کسانوں سے سپورٹ پرائس چھیننے والے قانون کی مخالفت میں کسان کی آواز سننے کی بجائے بی جے پی حکومت سردی میں پانی کی بوچھاڑ مارتی ہے۔ کسانوں سے سب کچھ چھینا جا رہا ہے اور سرمایہ داروں کو تھالی میں سجا کر بینک، قرض معافی، ایئر پورٹ، ریلوے اسٹیشن بانٹے جا رہے ہیں۔‘‘
پٹیالہ-امبالہ بارڈر پر جھڑپ، کسانوں نے بیریکیڈ اکھاڑ پھینکے، پولیس کا لاٹھی چارج
پٹیالہ-امبالہ بارڈر پر کسانوں کو پولیس کی طرف سے روکا گیا جس کے بعد وہ مشتعل ہو گئے اور بیریکیڈ اکھاڑ پھینکے۔ پولیس نے کسانوں پر واٹر کینن اور آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ کسان دہلی میں آ کر مظاہرہ کرنا چاہتے لیکن ہریانہ پولیس انہیں آگے بڑھنے نہیں دینا چاہتی۔
دریں اثنا، پولیس سے جھڑپ کے بعد کسان جبراً ہریانہ کی سرحد میں داخل ہو گئے، جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ کسان اپنے ٹریکٹروں کو آگے بڑھانے کی کوشش میں ہیں اور لگاتار نعرے بازی کر رہے ہیں۔
امبالہ پٹیالہ بارڈر پر دہلی پولیس نے ٹرکوں کو کھڑا کر دیا ہے تاکہ کسان آگے نہ بڑھ سکیں لیکن کسانوں نے ٹرکوں کو توڑنا شروع کر دیا اور دھکا دے کر انہیں آگے کر دیا۔ اس کے بعد پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے اور کسانوں پر پانی کی بوچھاڑ کر دی۔
پٹیالہ-امبالہ بارڈر پر کسانوں کے خلاف طاقت کا استعمال، پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے
ہریانہ میں پٹیالہ-امبالہ شاہراہ پر کسانوں کو روکنے کے لئے واٹر کینن کا استعمال کیا جا رہا ہے، اس کے علاہ آنسو گیس کے گولے داغے جا رہے ہیں۔
دہلی-ہریانہ بارڈر پر سیکورٹی کے سخت انتظامات
دہلی-ہریانہ بارڈر پر بھاری سیکورٹی فورسز تعینات کی گئی ہے اور علاقہ کی نگرانی ڈرون کیمرے سے کی جا رہی ہے۔ ہریانہ کے کرنال میں بھی پولیس نے بیریکیڈنگ کر کے راستہ کو سیل کر دیا ہے۔
دہلی میٹرو کی خدمات متاثر
کسانوں کے مظاہرہ کی وجہ سے بھاری تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کا امکان ہے اور کورونا وبا کا بھی دور جاری ہے، ایسے حالات میں دہلی میٹرو نے اپنی خدمات میں بھی تبدیلی کر دی ہے۔ آج دوپہر دو بجے تک گروگرام، نوئیڈا سروس بند رہے گی۔ اس کے علاوہ بھی کچھ روٹ پر میٹرو بند رہے گی۔
کسانوں کے مظاہرہ کے پیش نظر دہلی میں ہائی الرٹ
مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف پنجاب کی تقریباً 30 تنظیموں نے آج دہلی میں عظیم دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہریانہ، پنجاب سرحد سے بدھ کے روز ہی کسانوں نے دہلی کے لئے کوچ کر دیا تھا۔ بڑے پیمانے پر مظاہرہ کے پیش نظر راجدھانی دہلی میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور حفاظت کے چاک و چوبند انتظامات کئے گئے ہیں۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ زرعی قوانین کو ختم کرا کے ہی دم لیں گے اور وہ ایک مہینے کے راشن کے ساتھ گھر سے نکلے ہیں۔ پنجاب کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں سے بھی کسانوں کو حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ جمعرات کے روز بنگال میں بھی تقریباً 21 کسان تنظیمیں اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے جا رہی ہیں۔