خبریںقومی

بہار: نتیش کمار نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا، آج شام 4.30 بجے لیں گے حلف

بطور این ڈی اے لیڈر نتیش کمار نے گورنر پھاگو چوہان کو این ڈی اے کے چاروں حلیف جماعتوں کی جانب سے دی گئی حمایت کا خط سونپا اور حکومت سازی کا دعوی پیش کیا۔

بہار میں حکومت سازی کے لیے تیاریاں شروع ہو گئی ہیں اور 16 نومبر یعنی پیر کی شام 4.30 بجے نتیش کمار ساتویں مرتبہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ حلف برداری تقریب میں کچھ ہی وزراء کو ذمہ داری دی جائے گی، کابینہ کی توسیع بعد میں کی جائے گی۔ حلف برداری سے متعلق راہ ہموار کرتے ہوئے آج نتیش کمار نے گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کی اور حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر دیا۔

بطور این ڈی اے لیڈر نتیش کمار نے گورنر کو این ڈی اے کے چاروں حلیف جماعتوں کی جانب سے دی گئی حمایت کا خط سونپا اور حکومت سازی کا دعوٰ پیش کیا۔ ان کے ساتھ جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر سنجے جیسوال، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے صدر جیتن رام مانجھی اور وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر مکیش سہنی بھی گورنر ہاؤس پہنچے۔

گورنر سے ملاقات کے دوران بی جے پی کے سنیئر لیڈر سشیل کمار مودی وہاں موجود نہیں تھے۔ وہ این ڈی اے کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بہار بی جے پی انچارج بھوپیندر یادو، انتخابی انچارج دیویندر فڑنویس اور مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ رہائش ایک انے مارگ میں آج ہوئی میٹنگ میں چاروں حلیف جماعتوں کی جانب سے نتیش کمار کو اتفاق رائے سے این ڈی اے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!