تازہ خبریںخبریںعالمی

امریکہ انتخابات: ووٹوں کی گنتی بند نہیں ہونے سے ٹرمپ ناراض، کہا “فراڈ بند کرو”

ڈونالڈ ٹرمپ ووٹوں کی گنتی بند نہیں ہونے سے کافی ناراض ہیں۔ انھوں نے یکے بعد دیگرے کئی ٹوئٹ کیے ہیں جس میں ووٹوں کی گنتی بند کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈیموکریٹس امیدوار بائڈن کا جن اسٹیٹس پر دعویٰ ہے وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔ ٹرمپ سب سے زیادہ اس بات سے ناراض ہیں کہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور جن اسٹیٹس میں انھیں سبقت حاصل ہے، وہاں ووٹوں کا فرق دھیرے دھیرے کم ہوتا جا رہا ہے۔ ایک ٹوئٹ میں انھوں نے واضح لفظوں میں یہاں تک لکھ دیا ہے کہ “فراڈ بند کرو۔” اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا تھا “ووٹوں کی گنتی بند کرو۔”

بائڈن کے دعوے والے سبھی اسٹیٹس میں ووٹر فراڈ کے لیے قانونی چیلنج پیش کریں گے: ٹرمپ

ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ “بائڈن کے دعوے والے سبھی اسٹیٹس میں ہم ووٹر فراڈ اور اسٹیٹ الیکشن فراڈ کے لیے قانونی چیلنج پیش کریں گے۔ بہت سارے ثبوت ہیں، میڈیا دیکھتی رہے۔ ہم ہی جیتیں گے۔ امریکہ فرسٹ”

ڈونالڈ ٹرمپ نے مشیگن اور پنسلوینیا میں ووٹوں کی گنتی روکنے کے لیے مقدمہ کیا

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے مشیگن اور پنسلوینیا میں ووٹوں کی گنتی کو روکنے کے لیے مقدمہ کر دیا ہے۔ ساتھ ہی وسکانسن میں بائڈن کے ساتھ ووٹوں کا فرق کم ہونے پر ووٹ کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔

ہر ایک ووٹ کی گنتی ہونی چاہیے: بائڈن

بائڈن اور ٹرمپ کے درمیان زبردست مقابلہ جاری ہے، حالانکہ بائڈن اب بھی سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ اس درمیان بائڈن نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ “ہر ایک ووٹ کی گنتی ضروری ہے۔” قابل ذکر ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ ووٹوں کی گنتی اب روکنا چاہتے ہیں۔ ایسی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ لاس ویگاس میں امریکی وقت کے مطابق 8.30 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق رات 10.30 بجے) کوئی بڑا اعلان کرنے والے ہیں۔

مزید ایک اسٹیٹ میں فتح حاصل کر صدارتی انتخاب جیت سکتے ہیں جو بائڈن!

سی این این کا کہنا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس امیدوار بائڈن پنسلوینیا جیت جاتے ہیں تو وہ 270 الیکٹورل ووٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ گویا کہ پنسلوینیا میں جیت کے ساتھ ہی صدارتی امیدوار کی جنگ میں وہ ٹرمپ سے بہت آگے نکل جائیں گے۔ دوسری طرف ٹرمپ کو دوبارہ صدر بننے کے لیے کم از کم 4 اسٹیٹس میں کامیابی کا پرچم لہرانا ہوگا۔

ٹرمپ کے ناراض حامیوں نے ڈیٹرائٹ اور فینکس ووٹ شماری مراکز پر کیا حملہ

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درجنوں ناراض حامیوں نے ڈیٹرائٹ اور فینکس میں ووٹ شماری کے مراکز پر حملہ کر دیا ہے۔ دراصل دو اہم اسٹیٹس میں ٹرمپ کے خلاف ووٹنگ دیکھی جا رہی ہے جس سے ٹرمپ کے حامی مشتعل ہو گئے ہیں۔ اس درمیان ہزاروں ٹرمپ مخالف مظاہرین بھی سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں جو غیر فیصلہ شدہ بیلٹ پیپرس کے مکمل ملان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس بات کو لے کر ٹرمپ اور بائڈن کے حامیوں کے درمیان رسہ کشی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!