پی ایم مودی کی ریالی میں پہنچے نوجوان نے کہا “نیا جھوٹ سننے آیا ہوں”
سہرسہ میں پی ایم مودی کی ریلی میں پہنچے ایک نوجوان نے کہا کہ بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمیشہ بی جے پی کو ووٹ دیا، لیکن اس بار تیجسوی کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کے حق میں ووٹ ڈالیں گے
بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر آج جہاں ایک طرف دوسرے مرحلہ کی پولنگ جاری ہے، وہیں دوسری طرف تیسرے مرحلہ کے لیے سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کے ذریعہ انتخابی تشہیر کا عمل بھی جاری ہے۔ پی ایم نریندر مودی نے بھی آج این ڈی اے امیدواروں کے حق میں دو مقامات پر انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ سہرسہ میں بھی ایک ریلی ہوئی جہاں موجود ایک نوجوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ایم نریندر مودی سے کوئی توقع نہ ہونے کی بات کہی اور بتایا کہ وہ ریلی میں صرف یہ سننے آیا ہے کہ پی ایم اب کون سا جھوٹ بولنے والے ہیں۔
دراصل ‘نوبھارت ٹائمز’ کے نیوز پورٹل پر ایک ویڈیو اَپ لوڈ کیا گیا ہے جس میں سہرسہ ریلی میں موجود کچھ نوجوانوں نے روزگار کو اس انتخاب کا اہم ایشو بتایا اور پی ایم مودی سے اس سلسلے میں کوئی امید نہ ہونے کی بات کہی۔ ویڈیو میں ایک نوجوان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ وہ ریلی میں کیوں آئے ہیں، تو انھوں نے بتایا کہ “اب میرا پی ایم مودی پر کوئی بھروسہ نہیں ہے، بس ان کا نیا جھوٹ سننے کے لیے آیا ہوں۔” ایک نوجوان نے یہ بھی بتایا کہ بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہمیشہ بی جے پی کو ووٹ دیا، لیکن اس بار تیجسوی کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ تیجسوی ایک نوجوان لیڈر ہے اور اس میں کام کرنے کی للک دکھائی دے رہی ہے۔