آواز: عوام سےایڈیٹر کے نام

ثناء خوانِ تقدیسِ مشرق کہاں ہیں!

ساجد محمود شیخ میراروڈ ممبئی

مکرمی!

ہاتھرس آبرو ریزی کے واقعے نے ملک گیر سطح پر ہلچل مچادی ہے۔ اس واقعے نے سب کی روحوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔سپریم کورٹ نے اس سانحہ کو خوفناک قرار دیا ہے۔بڑے پیمانے پر ملک گیر سطح پر احتجاج ومظاہرے ہورہے ہیں۔ مگر اس کا منفی پہلو یہ ہے کہ یہ ایک ہائی پروفائل کیس ہے اس لئے تھوڑی بہت ہلچل ہے جو کہ کچھ دنوں کے بعد ختم ہو جائے گی اور لوگ اس واقعے کو بھلا دیں گے۔ ہم روزانہ اخبارات میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور استحصال کے بارے میں پڑھتے رہتے ہیں۔ شاید ہی کوئی اخبار ایسا ہو جس میں عصمت دری اور آبرو ریزی کی خبروں سے خالی ہوں۔ خواتین کے ساتھ غیر شائستہ حرکتیں اور ظلم وستم کی داستانیں اب عام بات ہو گئی ہے۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعدادوشمار کے مطابق 2019 میں خواتین کے خلاف جرائم کے405861 واقعات ہوئے۔ ہر مذہب میں اخلاقی اقدار پر مبنی تعلیمات،مشرقی معاشرے میں خواتین کی عزّت کی تعلیم کے علاوہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے قوانین کی موجودگی کے باوجود عورت کو معاشرے میں میں شدید ظلم و ستم اور جنسی تشدّد کا سامنا کرنا ہے ۔ حالانکہ عورت کو ماں بہن بیٹی اور بیوی کی صورت میں عزّت اور اعلیٰ مقام عطا کیا گیا ہے مگر آج عورت کو صرف شہوت کی تسکین کا ذریعہ سمجھ لیا گیا ہے۔

ان حالات میں عورتیں اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہیں ہیں۔ اب کسی پر بھی عورت کا بھروسہ باقی نہیں رہا ہے ۔ ہمیں سوچنا چاہئے کہ کیا ہم لوگ خواتین کو ایک ایسا سماج دے رہے ہیں کہ وہ پر سکون ماحول میں اپنی زندگی گزار سکے ۔ معاشرے کے ذمہ داران کو اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ ساحر لدھیانوی کے اشعار آج کے حالات کی عکاسی کرتے ہیں
مدد چاہتی ہے یہ حوّا کی بیٹی
یشودھا کی ہم جنس رادھا کی بیٹی           
پیمبر کی اُمّت۔ زلیخا کی بیٹی       
ثناء خوانِ تقدیسِ مشرق کہاں ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!