منا اکھیلی: حضرت سید شاہ پیر پاشاہ قادری ؒ کا سالانہ عرس شریف
مفتی محمد فیاض الدین نظامی، محمد عبدالصمد منجووالاکی مخاطبت
بیدر: 23/ستمبر(اے ایس ایم) بندہ جب عقیدے کی سلامتی چاہتا ہے تو اولیاء اللہ کی صحبت اختیار کرے۔زہد و تقویٰ نیک بندوں کو بلند درجہ عطا کئے ہیں۔اللہ کے نزدیک سب سے بڑھ کر عظمت والے و ہ ہیں جو تقوے والے ہیں۔ولی اللہ کبھی کرامت کیلئے اعمال نہیں کرتے بلکہ ان کا مقصد تو صرف اللہ کا قرب حاصل کرنا ہوتاہے۔جب اللہ تعالیٰ کسی بندے سے محبت کرتاہے تو جبرائیل امین سے فرماتاہے تم بھی اس سے محبت کرو اور اللہ سبحانہ تعالیٰ فرماتا ہے جتنے آسمان پر فرشتے ہیں ان پر بھی اس بندے کا چرچہ کراؤ۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز نوجوان عالم دین مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی صدر نائب قاضی دارالقضائت بیدر نے سالانہ صندل شریف درگاہ حضرت سید شاہ پیر پاشاہ قادری ؒ منا اکھیلی کے موقع پر محمد یوسف علی جمعدار صدر مسجد فخریہ کی سر پرستی، سید فصیح اللہ قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ فخر الدین قادری کی نگرانی، سید شاہ مرتضیٰ قادری برادر سجادہ نشین کی صدارت میں منعقدہ جلسہ فیضان اولیاء کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا نے کہا اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں نہ صرف اولیاء اللہ کا ذکر فرمایا ہے بلکہ اولیاء اللہ کی ساتھ رہنے والے کتے کا ذکر بھی فرمایا ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ نفل عبادتوں کے ذریعہ جب بندہ میری قربت چاہتاہے تو میں اُس کو اپنا محبوب بنالیتا ہوں۔ اُس کاکان بن جاتاہو ں جس سے وہ سنتاہے،اس کی آنکھ بن جاتاہوں جس سے وہ دیکھتاہے، اس کا ہاتھ بن جاتاہو ں جس سے وہ پکڑ تاہے،اور اس کا دل بن جاتاہوں جس سے وہ سمجھتا ہے۔ مولانا نے کہا جو شخص جمعہ کے موقع پر سورہ کہف پڑھتاہے تو آئندہ آنے والی جمعہ تک ہر آفت و بلاء سے محفوظ رہتاہے۔ اولیاء اللہ ہمارے ملک میں بہت ہی محبت اور امن و امان کے ساتھ اسلام کی دعوت کا فریضہ انجام دیا ہے۔ حضرت سید نا خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے دست مبارک پر زائد از 99لاکھ لوگ ایما ن کی دولت سے مالا مال ہوئے۔ انہوں نے حضرت سلیمان نبینا صلوۃ السلام، حضرت آصف برقیہ اور غوث الاعظم دستگیرؒکے حالات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔
محمد عبدالصمد منجو والا نے اپنے پر مغز خطاب میں سبحان اللہ کی فضلیت پر روشنی ڈالی۔ پیر طریقت رہبر شریعت سید شاہ سیف اللہ قادری نظامی جانشین سجادہ نشین درگاہ حضرت سید پیر پاشاہ قادری ؒ کی نگرانی میں جلوس صندل سر گروہان فقراء کے نعروں کی گونج میں برآمد ہوا۔ اور صندل مالی کی خصوصی رسومات انجام دی گئیں۔سلام،فاتحہ، گلہائے عقیدت و تقسیم تبرکات عمل میں آئے۔ مولانا حافظ محمد صدیق امام مسجد صوفیہ کمٹھانہ کی قرأ ت کلام پاک سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔انہوں نے ہی حمد، نعت، منقبت،اور قصیدہ بردہ شریف کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔مولانا محمد عارف، مولانا یسین، مولانا محمد مشتاق، محمد عبدالصمد منجو والا، محمد وقار برادری نسبتی مولانا محمد فیاض الدین بحیثیت مہمان خصوصی شہ نشین پر موجود تھے۔
سید کاظم پاشاہ قادری برادرسجادہ نشین اور دیگر بردران نے تمام مہمانوں کی گلپوشی فرمائی۔محمد عبدالصمد منجو والانے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ پر تکلف تبرک طعام کے بعد محفل سماع گرم ہوئی۔ساز پر محمد عبدالغفار،محمد عبدالوحید اَدنیٰ قوال بیدر نے نعتیہ، منقبتی اور عرفانی کلام پیش کرتے ہوئے خوب داد حاصل کرتے ہوئے معقول ہدیہ وصول کیا۔ بعد نماز فجر مسجد فخریہ میں ختم قرآن مجید کا اہتمام کیا اور پیش کشی چادر گل بہ مزار حضرت ممدوح،فاتحہ،سلام دعا سلامتی کے بعد یہ روحانی تقریب تکمیل پذیر ہوئی۔