روزگار ختم ہونے کی اہم وجہ، مودی کا نوٹ بندی، جی ایس ٹی کا فیصلہ ہے: کانگریس ترجمان
نئی دہلی: کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی اپنی مدت کار میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے دعوے کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو جلد بازی میں نافذ کرنے کے فیصلے سے صرف 2018میں ہی ایک کروڑ لوگوں کا روزگا ر چھن گیا۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی سے پہلے ملک میں گیارہ وزرائے اعظم ہوئے لیکن کسی بھی وزیر اعظم کے مدت کار میں اس سطح پر روزگار کے مواقع کم نہیں ہوئے اور نہ ہی اتنی بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوئے۔ نریندر مودی کے پانچ سال کے دور اقتدار میں ملک میں بڑی سطح پر پہلی مرتبہ لوگوں کا روزگار چھن گیا اور ملازمتیں ختم ہوگئیں۔ اس وجہ سے نریندر مویدی کو لوگ ملازمتوں کو ختم کرنے والے وزیر اعظم کے طور پر یاد رکھیں گے۔
کانگریس کے سینئر ترجمان جے رام رمیش نے یہاں پارٹی کی بریفنگ میں کہا کہ نریندر مودی حقیقت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ روزگار کے سلسلے میں حکومت کی ایک نہیں تین تین رپورٹوں کو دبا کر رکھا گیا ہے ۔ نریندر مودی کے دور اقتدار میں ملک میں روزگار کے مواقع کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی جگہ جگہ گھوم کر دعوی کرتے ہیں کہ ان کی مدرا یوجنا اور دیگر اسکیموں کی وجہ سے روزگار کے بڑے پیمانے پر مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ جب کہ حکومت کے اعدادو شمار بتاتے ہیں کہ 2018 میں ایک کروڑ لوگوں کا روزگار ختم ہوا ہے ۔ روزگار ختم ہونے کی وجہ نریندر مودی کا نوٹ بندی کا فیصلہ اور جلد بازی میں جی ایس ٹی نافذ کرنا تھا۔
انہوں نے کہ اکہ سچائی یہ ہے کہ مودی کی مدرا یوجنا سے کسی کو فائدہ نہیں ہوا ہے۔ اس کے تحت استفاد ہ کرنے والوں کو صرف پچیس ہزار روپے کا قرض دیا جاتا ہے اور اتنی کم رقم میں کوئی بھی کام شروع نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی یہ بھی دعوی کرتے ہیں کہ مدرا یوجنا سے استفادہ کرنے والے ایک شخص کی وجہ سے آسانی سے تین چار لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں او رملک میں مدرا انقلاب کا دور چل رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مودی کا انقلاب کادعوی سب سے بڑ اجھوٹ ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ مودی نے ایک مرتبہ نہیں بلکہ بار بار دعوی کیا ہ یکہ ان کے دور اقتدار میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سولہ نومبر 2018 کو مودی نے گوالیار میں کہا تھا کہ ملک میں آج کوئی بھی بے روزگا رنہیں ہے۔ اس کے بعد انہوں نے 24 نومبر 2018 کو چھتر پور میں دعوی کیا کہ ان کی مدرا یوجنا کی مدد سے ملک کے25کروڑ خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔