ریاستوں سےمہاراشٹرا

بیڑ ہجومی تشدد: مہاراشٹر جماعت اسلامی نے کی مذمت، سخت کاروائی کرنے حکومت سے مطالبہ

امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹرا رضوان الرحمن خان نے حکومت مہاراشٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملہ میں سخت کاروائی کرکے مثال قائم کرے۔

ممبئی: 19/ستمبر-مہاراشٹر کے بیڑ میں تبلیغی جماعت کے اراکین پر ہجومی تشدد کے واقعہ نے ہمیں حیران کردیا ہے۔ اس طرح کے واقعات سے نہ صرف یہ کہ فرقہ وارانہ ماحول خراب ہوتا ہے بلکہ خوف و ہراس پھیل جاتا ہے جس سے ترقی کی راہیں مسدود ہوجاتی ہے ۔ یہ باتیں امیر حلقہ جماعت اسلامی مہاراشٹر، رضوان الرحمن خان نے میڈیا میں آنے والے بیڑ واقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہیں ۔

انہوں نے آگے کہا کہ خبروں کے مطابق مجرمین کی گرفتاری نے ہمیں یہ اطمینان دلایا ہے کہ پولس اپنے فرائض سے غافل نہیں ، مگر جب تک ایسے سماج دشمن عناصر اور فرقہ پرستوں کے آلہ کاروں کے خلاف سخت کارروائی نہ ہوگی تب تک اس طرح کے واقعات کا رکنا مشکل نظر آتا ہے ۔ رضوان الرحمن خان نے کہا کسی بھی مہذب سماج میں اس طرح کی منافرت پھیلانے والے عناصر کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ فرقہ پرستوں اور غیر انسانی حرکت کرنے والوں پر قانون کا خوف ضروری ہے ۔امیر حلقہ نے مزید کہا حکومت مہاراشٹر کو چاہئے کہ وہ بیڑہجومی تشدد کو سنجیدگی سے لے اور سخت کارروائی کرے تاکہ آئندہ پھر کسی کو یہ جرات نہ ہو نیز کوئی پارٹی یا فرقہ ایسے واقعات انجام دے کر ریاست کے ماحول کو خراب کرنے کے ساتھ ہی موجودہ حکومت کو عدم استحکام سے دوچار نہ کرسکے ۔

انہوں نے ٹوئٹ کرکے اس کی سخت مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’’ہم بیڑ میں 6؍مسلمانوں پر وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیںکہ ہجومی تشدد پر مثال قائم کرتے ہوئے ان مجرمین کو جلد سے جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ ہم ایک دوسرے کے عقائد کے احترام ،شناخت ، آئینی حقوق اور فرائض کی پاسداری کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ آئیے ایسے تفرقہ انگیز ایجنڈے کا شکار نہ ہوں جو کسی سیاسی پارٹی کے مطابق ہو۔ آئیے مل کر کام کریں‘‘۔ واضح ہو کہ تازہ خبروں کے مطابق چھ نامز د ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کیخلاف یوسف وڈگائوں پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی ۔——– میڈیا سیل،جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!